اللہ عزوجل بہتر مجمع میں یاد فرماتاہے
اللہ عزوجل بہتر مجمع میں یاد فرماتاہے
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رحمت عالم نور مجسم ﷺ نے ارشاد فرمایا۔ اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے ’’ میں اپنے بندے کے گمان کے نزدیک ہوتا ہوں جو مجھ سے رکھے جب بندہ مجھے یاد کرتا ہے تو میں اس کے ساتھ ہوتا ہوں اگر بندہ مجھے اپنے دل میں یاد کرتاہے تو میں بھی اسے اکیلے ہی یاد کرتا ہوں اور اگرمجھے مجمع میں یاد کرتا ہے تو میں اسے بہتر مجمع میں یاد کرتا ہوں ‘‘۔ (مسلم، بخاری)
یعنی بندئہ مومن اللہ عزوجل سے جیسی امید رکھے گا اللہ عزوجل اس سے وہی معاملہ فرمائے گا مطلب یہ ہے کہ بندہ ذکر الٰہی ودعا وغیرہ کی قبولیت کی امید کرے گا تو اللہ عزوجل اپنے فضل وکرم سے اسکی دعا قبول فرمائے گا۔
میرے پیارے آقاﷺ کے پیارے دیوانو! اعمال خیر بھی کرو اور اللہ عزوجل سے قبولیت کی امید بھی رکھو بندئہ مومن ذکر الٰہی کرتے وقت اللہ عزوجل سے بہت قریب ہوتا ہے جو ہر وقت ذکر الٰہی کرتا رہے وہ گویا اللہ عزوجل سے ہر وقت قریب رہتا ہے۔ اور دل میں اللہ عزوجل کا ذکر کرنے سے مراد یہ ہے کہ بندئہ مومن آہستہ یعنی ذکر خفی کرے تو اللہ عزوجل کے وہاں بھی ذکر خفی ہوتا ہے اور بندئہ مومن اگر چند مومنین کے ساتھ ملکر بلند آواز سے اللہ عزوجل کا ذکر کرے تو اللہ عزوجل کے وہاں علانیہ ذکر ہوتا ہے جسے فرشتے، انبیاء اولیاء علیہم السلام و رضی اللہ عنہم سنتے ہیں۔ سبحان اللہ!
ہم مسلمانوں کو چاہئے کہ اپنے اللہ عزوجل کا ذکر بلند آواز سے سرکارﷺ کے دیوانوں کے ساتھ ملکر کریں تاکہ ہمارا ذکر مجمع انبیاء علیہم السلام اور اولیاء کرام علیہم الرضوان میں ہو۔ اللہ عزوجل ہم سب کو توفیق نصیب فرمائے آمین۔
الحمد للہ اس فضیلت کو حاصل کرنے کے لئے ہرہفتہ سُنّی دعوتِ اسلامی کے ہفتہ واری اجتماع میں بلند آواز سے سرکار علیہ الصلٰوۃ والسلام کے غلا م اپنے اللہ عزوجل کا ذکر کرتے ہیں، آپ بھی ذکر الٰہی کی محفل میں ضرور شرکت فرماکر مذکورہ فضیلت سے مالا مال ہو ں۔