مسافر کی نماز کا بیان}

شرع میں مسافر وہ ہے جو تین د ن کی راہ تک جانے کے ارادہ سے بستی سے باہر ہوا۔

مسئلہ : دن سے مُراد سال کا سب سے چھوٹا دن ہے اورتین دن کی راہ سے یہ مطلب نہیںکہ صبح سے شام تک چلے بلکہ دن کا اکثر حصّہ مُراد ہے مثلاً شروع صبح وصادق سے دوپہر ڈھلنے تک چلا پھر ٹھہر گیا پھر دوسرے اورتیسرے دن یوہیں کیا تواتنی دور تک کی راہ کو مسافت سفر کہیں گے ۔ دوپہر کے بعد تک چلنے میںبھی برابر چلنامُراد نہیں بلکہ عادتاً جتنا آرام لینا چاہیے اتنا درمیان میں ٹھہرتا بھی جائے اورچلنے سے مُراد درمیانی چال ہے نہ تیز نہ سُست ۔ خشکی میں آدمی اوراُونٹ کی درمیانی چال کااعتبار ہے اورپہاڑی راستہ میںاسی حساب سے جواس کے لئے مناسب ہو اوردریا کی کشتی کی چال اس وقت کی جب کہ ہوا نہ بالکل رکی ہو نہ تیز ہو۔ (درمختار ، عالمگیری)

مسئلہ : تین دن کی راہ کو تیز سواری پر دودن یا کم میں طے کرے تومسافر ہے اورتین دن سے کم کے راستہ کو زیادہ دنوں میں طے کیا تومسافر نہیں۔(درمختار، عالمگیری)

مسئلہ : خشکی کے صاف راستے میں ساڑھے ستاون میل (571/2)کی راہ ریل یا موٹر وغیرہ سے ایک گھنٹہ میں طے ہوجاتی ہے تواس ریل یا موٹر وغیرہ کا سوار ایک ہی گھنٹے کے سفر میں شرعی مسافر ہوجائے گا اورقصر وغیرہ سفر کے احکام اس پرجاری ہوں گے ۔

مسئلہ : سفر کے لئے یہ بھی ضروری ہے کہ جہاں سے چلا وہاں سے تین دن کی راہ کا ارادہ ہو اوراگر دودن کی راہ کے ارادے سے نکلا اوروہاں پہنچ کر دوسری جگہ کا ارادہ کرلیا اوریہ بھی تین دن سے کم کا راستہ ہے تو اس طرح مسافر نہ ہوگا چاہے ساری دنیا گھوم آئے مسافر نہ ہوگا جب تک ایک جگہ سے پورے تین دن کی راہ کا ارادہ نہ کرے۔ (درمختار)

مسئلہ : مسافر اس وقت تک مسافر ہے جب تک اپنی بستی میں نہ پہنچ جائے یا کسی آبادی میں پورے پندرہ دن ٹہرنے کی نیت نہ کرلے یہ اس وقت ہے جب تین دن کی راہ چل چکا ہو اوراگر تین منزل پہنچنے سے بیشتر واپسی کا ارادہ کرلیا تو مسافر نہ رہا اگر چہ جنگل میںہو۔ (عالمگیری ، درمختار)

مسئلہ : مسافر پرواجب ہے کہ نمازمیں قصر کرے یعنی چار رکعت والے فرض کو دوپڑھے۔

مسئلہ : مغرب ، فجر میں قصر نہیں بلکہ پوری پڑھے صرف ظہر ، عصر اورعشاء کے فرض میں قصر ہے ۔

مسئلہ : اگر مسافر قصر نہ کرے توگنہگار ہوگا۔

مسئلہ : مقیم مسافر کی اقتداء کرسکتاہے اورامام کے سلام پھیرنے کے بعد اپنی باقی دورکعتیں پڑھ لے اوران رکعتوں میں قرأت بالکل نہ کرے بلکہ اتنی دیر چُپ کھڑا رہے جتنی دیر میں سورہ فاتحہ پڑھی جاتی ہے ۔(درمختار)

مسئلہ : اگر مسافر ہے تو امام کو چاہیے کہ نماز شرو ع کرنے سے پہلے کہہ دے کہ میں مسافر ہوں ۔

مسئلہ : عورت کو بغیر محر م کے تین دن یازیادہ کی راہ جانا ناجائز ہے بلکہ ایک دن کی راہ جانا بھی ناجائز ہے ۔ نابالغ بچہ یا معتوہ(بوہرے) کے ساتھ بھی سفر نہیںکرسکتی ساتھ میں بالغ محرم یا شوہر کا ہونا ضروری ہے ۔(عالمگیری)