نجات کا بہترین عمل

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے فرماتے ہیں کہ تاجدار کائنات ﷺ نے ارشاد فرمایا جو دن میں سو(۱۰۰)بار سُبْحَاَنَ اللّٰہِ وَبِحَمْدِہٖ پڑھے تو اس کی تمام خطائیںبخش دی جاتی ہیں اگر چہ سمندر کے جھاگ کے برابر ہوں۔ ( بخاری، مسلم،مرأت)

میرے پیارے آقا ﷺ کے پیارے دیوانو! سُبْحَانَ اللّٰہِ وَبِحَمْدِہٖ سو(۱۰۰) مرتبہ آپ ایک ہی ساتھ پڑھیں یا تھوڑا صبح، یا تھوڑا شام پڑھیں۔ بہر حال بہتر یہ ہے کہ صبح وشام پڑھیں جس طرح پڑھیں مگرضرور پڑھیں اور گناہ سے معافی کا پروانہ حاصل کریں۔ گناہوں کی معافی سے مراد گناہ صغیرہ ہیں جو اللہ عزوجل کے حقوق سے متعلق ہو ں۔ حقوقِ شرعیہ اور حقوقِ عباد اس سے علیٰحدہ ہیں۔ لہٰذا فوت شدہ نماز، روزے بندوں کے قرض وغیرہ مذکورہ وظیفے سے معاف نہ ہو جائیں گے وہ تو ادا ہی کرنے ہوں گے۔ اللہ عزوجل ہم سب کو ذکر الٰہی کے ساتھ نماز روزہ وغیرہ کی پابندی کے ساتھ حقوق العباد ادا کرنے کی توفیق نصیب فرمائے۔

آمین بجاہ النبی الکریم علیہ افضل الصلٰوۃ والتسلیم