وَالَّذِىۡۤ اَوۡحَيۡنَاۤ اِلَيۡكَ مِنَ الۡكِتٰبِ هُوَ الۡحَـقُّ مُصَدِّقًا لِّمَا بَيۡنَ يَدَيۡهِؕ اِنَّ اللّٰهَ بِعِبَادِهٖ لَخَبِيۡرٌۢ بَصِيۡرٌ ۞- سورۃ نمبر 35 فاطر آیت نمبر 31
أَعـوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْـطانِ الرَّجيـم
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
وَالَّذِىۡۤ اَوۡحَيۡنَاۤ اِلَيۡكَ مِنَ الۡكِتٰبِ هُوَ الۡحَـقُّ مُصَدِّقًا لِّمَا بَيۡنَ يَدَيۡهِؕ اِنَّ اللّٰهَ بِعِبَادِهٖ لَخَبِيۡرٌۢ بَصِيۡرٌ ۞
ترجمہ:
اور ہم نے جس کتاب کی آپ کی طرف وحی فرمائی ہے وہی حق ہے، پہلی کتابوں کی تصدیق کرنے والی ہے، بیشک اللہ اپنے بندوں کی بہت خبر رکھنے والا، خوب دیکھنے والا ہے
اس کے بعد فرمایا : اور ہم نے جس کتاب کی آپ کی طرف وحی فرمائی ہے، وہی حق ہے، پہلی کتابوں کی تصدیق کرنے والی ہے، بیشک اللہ اپنے بندوں کی بہت خبر رکھنے والا، خوب دیکھنے والا ہے (فاطر : ٣١)
نبیوں کی ایک دوسرے پر فضیلت
اس آیت میں ہمارے نبی سیدنا محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے خطاب فرمایا ہے کہ ہم نے آپ کی طرف جس کتاب کی وحی فرمائی ہے اور اس سے مراد قرآن مجید ہے، وہ اس سے پہلے کی آسمانی کتابوں کی تصدیق کرنے والی ہے، کہ وہ کتابیں بھی اللہ تعالیٰ نے نازل فرمائی تھیں اور ان کتابوں کی ان آیات میں تصدیق کرتی ہے جن میں اہل کتاب نے تحریف نہیں کی اور اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کی بہت خبر رکھنے والا اور ان کو خوب دیکھنے والا ہے کہ کون اس لائق ہے کہ اس کو دوسروں پر فضیلت دی جائے، یہی وجہ ہے کہ اس نے نبیوں اور رسولوں کو تمام فرشتوں اور انسانوں پر فضیلت دی اور بعض نبیوں کو بعض دوسرے نبیوں پر فضیلت دی ہے اور ہمارے نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو تمام نبیوں اور رسولوں پر بلکہ تمام مخلوق پر فضیلت دی ہے۔
القرآن – سورۃ نمبر 35 فاطر آیت نمبر 31