روزانہ ہزار نیکیاں کماؤ
روزانہ ہزار نیکیاں کماؤ
حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ سے روایت ہے فرماتے ہیں ہم رحمت عالم ﷺکے پاس تھے تو تاجدار کائنات انے ارشاد فرما یا :کیا تم میں سے کوئی اس سے عاجز ہے کہ روزانہ ایک ہزار نیکیاں کرلیا کرے۔ ہم نشینوں میں سے کسی نے پوچھا کوئی روزانہ ہزار نیکیاں کیسے کرسکتا ہے رحمت عالم ﷺ نے فرمایا ایک سو (۱۰۰) مرتبہ سبحان اللہ پڑھ لیا کرو۔ اس کے لئے ہزار نیکیاں لکھی جائیںگی اور اس کی ہزار خطائیں معاف کی جائیںگی۔ (مسلم،مرأت)
میرے پیارے آقاﷺ کے پیارے دیوانو!روزانہ ہزار نیکیاں کمانا یہ بہت دشوارہے، طاقت سے باہر ہے۔ یہ عام انسان کا حال ہے البتہ اللہ عزوجل کے برگزیدہ بندے تو ہر سانس میں نیکی کرتے ہیں۔
میرے پیارے آقاﷺ کا کتنا کرم ہے کہ ہم جیسے نا تواں کوکم ذکر کرنے پربھی بے شمار نیکیاں عطا فرمانے کا مژدئہ جانفزا سنادیا اور یہی نہیں بلکہ ہزار گناہوں کی معافی کا پروانہ بھی عطا فرمادیا۔ اگر اس کے باوجود ہم ذکر الٰہی نہ کریں تو کتنے کم نصیب ہوں گے لہٰذا روزانہ کم ازکم سو(۱۰۰) مرتبہ ’’سُبْحَانَ اللّٰہِ‘‘ پڑھ کر اللہ عزوجل کا ذکر کرلیا کرو۔ اللہ عزوجل ہم سب کو اپنے ذکر کی توفیق نصیب فرمائے۔
آمین بجاہ النبی الکریم علیہ افضل الصلٰوۃ والتسلیم