{روزے کابیان }

ہر چیز کی زکوٰۃ ہے جسم کی زکوٰۃ روزہ ہے ۔

حدیث شریف: ابوداؤد ام المؤمنین صدیقہ رضی اللہ عنہا سے راوی کہ سرکارِ اعظم ﷺشعبان کا اس قدر تحفظ کرتے کہ اتنا اورکسی کا نہ کرتے پھر رمضان کا چاند نظر آتا دیکھ کر روزہ رکھتے اوراگر اَبر ہوتا توتیس دن پورے کرکے روزہ رکھتے۔

انسان کے جسم میں پانچ چیزیں ایسی ہیں جن کے ذریعہ سے کوئی چیز بدن کے اندر داخل ہو یہ روزے کو توڑ دے گی۔

1)…منہ یعنی حلق کے ذریعے سے کوئی چیز اندر داخل ہوجائے توروزہ ٹوٹ جائے گا۔

2)…ناک کے ذریعے سے کوئی چیز اندر چلی جائے تو روزہ ٹوٹ جائے گا۔

3)…کان کے ذریعے سے کوئی چیز اندر چلی جائے توروزہ ٹوٹ جائے گا۔

4)…پیشاب کے مقام سے کوئی چیز اندر داخل ہوجائے توروزہ ٹوٹ جائے گا۔(اس میں مرد کا استثناء ہے )

5)…پاخانے کے مقام سے کوئی چیز اندر داخل ہوجائے توروزہ ٹوٹ جائے گا۔

مسئلہ : اگر کسی نے جان بوجھ کر روزہ توڑا تواس کا کفارہ پے درپے ساٹھ روزوں کا رکھنا ہے اور ایک روزہ اس کی قضاء کا اورباقی ساٹھ روزے کفار ے کے ٹوٹل 61روزے رکھے گا۔

مسئلہ : روزہ ٹوٹنے یا توڑنے کی صورت میں بھی وہ پورا دن روزے کا ساگزارے گا رمضان کا احترام کرے گا۔

مسئلہ : ایسی بیماری ہے کہ روزہ توڑنا ضروری ہے توایسی صورت میں صحت یاب ہونے کے بعد وہ ایک روزہ رکھ کر اسکی صرف قضاء کرے گا۔

مسئلہ : ایک شخص کلّی کررہا ہے کلّی کرتے کرتے عادت کے مطابق غرغرہ کیا اورکچھ حلق سے نیچے اُتر گئے روزہ ٹوٹ جائے گا اگر چہ آپ نے یہ کام جان بوجھ کر نہیں کیا اتفاقاً کیا روزہ ٹوٹ جائے گا۔

مسئلہ : منہ میںکوئی زخم ایسا آیا جس سے خون نکلا اورآپ کو غالب گمان ہے کہ خون کو نگل لیاگیا ہے توایسی صورت میں روزہ ٹوٹ جائے گا اوریہ ساری ٹوٹنے کی صورتیں ایسی ہیں کہ جن میںصرف ایک روزے کی قضاء لازم آئے گی کفارہ نہیں۔

مسئلہ : دانت میںکوئی چیز پھنسی ہوئی تھی اس کی مقدار علماء نے سمجھانے کے لئے چنا برابر لکھا چنے کے برابر کوئی چیز دانت میں پَھنسی ہے یا منہ میں رہ گئی اوراسے جان کرکے نگل گیا توایسی صورت میں بھی روزہ ٹوٹ جائے گا۔ باریک کوئی چیز نگل گئے تو روزہ نہیں جائے گا بلکہ چنے کے برابر کوئی چیز حلق سے نیچے اُتر جائے توبھی روزہ ٹوٹ جائے گا۔

مسئلہ : ذرہ کتنا ہی چھوٹا ہوا سے منہ سے باہر نکال کر پھر منہ میں ڈال کر نگل لے گاروزہ ٹوٹ جائے گا۔

مسئلہ : کُلّی کررہا تھا نادانستہ طور پر کچھ قطرے حلق سے نیچے اُتر گئے روزہ ٹوٹ جائے گا۔

مسئلہ : اگر بتی جل رہی تھی یہ جاننے کے لئے کہ خوشبو کیسی ہے اس نے جان بوجھ کر دھوئیں کو کھینچا اوروہ اس کے حلق میں چلا گیا تو روزے کو توڑ دے گا۔

مسئلہ : راستے سے گزررہا تھا گاڑی وغیرہ کا دُھواں نادانستہ طور پر حلق میں چلا گیا اس سے روزہ نہیں ٹوٹے گا جان بوجھ کر اگر کھینچے گا تو روزہ ٹوٹ جائے گا یہی حکم کھانے پکانے والوں کا بھی ہے روزے کی حالت میںلوبان اوراگر بتی جلانے سے پرہیز کریں۔فقیر قسم کے لوگ جو دوکانوں پر لوبان کی دھونی دیتے پھرتے ہیں انہیں سختی سے منع کیا جائے۔

مسئلہ : عطر لگانے سے روزہ نہیں ٹوٹے گا کیونکہ عطر کے سونگھنے سے اس کے کوئی اجزاء پیٹ میں نہیں پہنچتے ۔

مسئلہ : ایک شخص نہارہا ہے نہانے کے دوران ناک میں پانی چڑھایا یا وضو میں ناک میں پانی چڑھایا چڑھانے میں پانی حلق کے نیچے یا دماغ میں پہنچ گیا دونوں حالتوں میں روزہ ٹوٹ جائے گا دماغ میں پانی پہنچنے کی علامت یہ ہے کہ ایک تلخی دماغ میں محسوس ہوتی ہے جس سے معلوم ہوجاتاہے کہ پانی دماغ میں پہنچ گیا ہے اس طرح روزہ ٹوٹنے پر صرف ایک روزہ قضا کرنا ہوگا۔

مسئلہ : آپ سورہے تھے احتلام ہوگیا روزہ نہیں ٹوٹے گا خدانخواستہ بد نگاہی سے احتلام ہوگیا اب بھی روزہ نہیں ٹوٹے گا عموماً بندہ رات میں ناپاک ہوتاہے تواُسے چاہیے کہ سحری کرنے سے پہلے غُسل کرلے تاکہ غرغرہ بھی صحیح ہوجائے اورناک میںپانی بھی صحیح پہنچ جائے فرض کریں کہ ایک شخص پر غُسل فرض ہوگیا اورجب سحری کیلئے اُٹھا کہ روزہ بند ہونے میں چند منٹ باقی ہیں اب اگروہ غُسل کرے گا توسحری کا وقت ختم ہوجائے گا ایسی صورت میں وہ دومنٹ کے اندر وہ کُلّی کرے اور غرغرہ کرلے اس کے بعد ناک میں پانی اچھی طرح چڑھالے پھر جلدی سے سحری کرلے سحری کرنے بعد اب آپ پورے بدن پر پانی ڈال لے کہ کوئی بال برابر جگہ سوکھی نہ رہے تو غُسل ہوگیا۔

مسئلہ : اگر کان میں پانی ڈالا جائے تو روزہ نہیں ٹوٹے گامثلاً آپ نہارہے تھے نہانے میں اگر کان میں پانی آپ نے خود ڈالا یا نادانستہ طور پر چلا گیا دونوں صورتوں میں روزہ نہیں ٹوٹے گا۔

مسئلہ : پانی کے علاوہ اگر کان میں دوا یا تیل ڈالا جائے درد کی وجہ سے جان بوجھ کر توروزہ ٹوٹ جائے گا۔

مسئلہ : روزے کی حالت میں آپ بیت الخلاء گئے اورپاخانہ کیا پاخانہ کرنے کے بعد عموماً لوگ پاخانے کے مقام کو زور دے کر استنجاء کرتے ہیں جس کی وجہ سے پاخانے کے اندر کا مقام باہر آجاتاہے اس طرح اگر آپ نے پانی استعمال کیا تو ظاہر ہے اس اندر کے مقام والے راستے سے پانی اُوپر چلا جائے گا جس سے روزہ ٹوٹ جائے گا۔

مسئلہ : پیٹ کے درد کی وجہ سے مریض کے پاخانے کے مقام سے ایک مادہ داخل کیا جاتاہے جس سے مریض کو دست ہوجاتے ہیں ایسی صورت میں روزہ ٹوٹ جائے گا۔

مسئلہ : ہمارے یہاں بیماری یہ نکل آئی کہ ریڈیو، ٹی وی ہونے کے باوجود ہم جب تک اذان نہ سُن لیں یا جب تک اذان نہ ہوجائے اس وقت تک کھانے کی کاروائی جاری رکھتے ہیں ہمیں چاہیے کہ سحری کا جو وقت ختم ہونے کا ہے اُس سے پانچ منٹ پہلے روزہ بند کرلیں تاکہ اگر گھڑی آگے پیچھے ہوتو روزہ ضائع نہ ہوجائے اذان کا انتظار نہ کریں کیونکہ اذان روزہ بند کرنے کے لئے نہیں ہوتی بلکہ نما ز کے لئے ہوتی ہے ۔اوراذان کا وقت سحری کا وقت ختم ہونے کے بعد شروع ہوتاہے۔

مسئلہ : غروبِ آفتاب کا وقت معین ہے اس میں بھی دوچار منٹ تاخیر میں کوئی حرج نہیں ۔