جنت کی کیاریوں سے کچھ چن لیا کرو

حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ تاجدار کا ئنات ﷺ نے ارشاد فرمایا جب تم جنت کی کیاریوں سے گزروتو کچھ چن (چر)لیا کرو لوگوں نے پوچھا جنت کی کیاریاں کیا ہیں فرمایا ذکر کے حلقے۔ (مرأت ۳۱۷)

میرے پیارے آقاﷺ کے پیارے دیوانو! اللہ عزوجل کے پیارے حبیب انے ذکر کی محفل کو جنت کی کیاریاں فرمایا۔ اب شاید ہی کوئی مومن ایسا ہو جو جنت کی کیاریوں کی تلاش نہ کرے اور جب جنت کی کیاریاں مل جائیں تو کچھ اس میں سے حاصل کرے یعنی ذکر الٰہی کرے۔ مذکورہ حدیث شریف سے چند باتیں سمجھ میں آئیں وہ یہ کہ ذکر الٰہی کے جلسوں میں جانا ذکر الٰہی کے لئے حلقے لگانا۔ میلاد شریف کی محفل کا انعقاد کرنا(کہ اس میں اللہ عزوجل کی شان اور اس کے پیارے محبوب ﷺ کا ذکر ہوتا ہے) ذکررسول بھی ذکر الٰہی ہی ہے۔ لہٰذا ایسی پاکیزہ محفلوںکی تلاش کرکے اس میں شریک ہو کر اپنی آخرت کو سنوار لینا چاہئے۔ ذکر کے حلقوں کی تلاش میں لگے رہو اس لئے کہ تنہا ذکر کرنے سے افضل مجمع کے ساتھ ذکر کرنا ہے کہ اگر ایک کا قبول ہوگا تو اس کے صدقہ میں اللہ عزوجل سب کا ذکر کرنا قبول فرمائے گااللہ عزوجل ہم سب کو اس کی توفیقِ رفیق نصیب فرمائے۔ آمین بجاہ النبی الکریم علیہ افضل الصلٰوۃ والتسلیم