{اعتکاف کے مسائل}

اعتکاف کی نیت سے اللہ تعالیٰ کے واسطے مسجد میں ٹھہرنے کا نام اعتکاف ہے ۔ اعتکاف تین قسم کا ہے (1) واجب (2) سنت مؤکّدہ (3) مستحب ۔

اعتکاف واجب }

یہ نذر کا اعتکاف ہے جیسے کسی نے یہ منت مانی کہ میرا فلاں کام ہوجائے گا تومیں ایک دن کا اعتکاف کروں گا تو یہ اعتکاف واجب ہوگیا اس کو پورا کرنا ضروری ہے اعتکاف واجب کے لئے روزہ رکھنا ضروری ہے بغیر روزے کے صحیح نہیںہے ۔

اعتکاف سنّت مؤکدّہ}

یہ اعتکاف رمضان کے آخری دس دنوں میں کیا جاتاہے یعنی بیسویں رمضان کو سورج ڈوبنے کے بعد سے انتیسو یں کو چاند ہونے کے بعد نکلے۔ (اگر اس تاریخ کو چاند ہوا تو تیسویں کے غروب آفتاب کے بعد نکلے) اگر بیسویں تاریخ کو بعد نماز مغرب اعتکاف کی نیت کی توسنتِ مؤکدہ ادا نہ ہوگی ۔ یہ اعتکاف سنتِ مؤکدہ کفایہ ہے کہ اگر سب چھوڑ دیں توسب پکڑے جائیں اور اگر ایک نے بھی کرلیا تو سب پر بوجھ ختم اس اعتکاف میں بھی روزہ شرط ہے مگرو ہی رمضان کے روزے کافی ہیں ۔ (در، ہندیہ، ہدایہ)

اعتکاف مستحب}

اعتکاف مستحب کے واسطے روزہ شرط نہیں یہ تھوڑی دیر کا بھی ہوسکتاہے مسجد میں جب بھی جائیں اعتکاف کرلیا جائے کہ میں نے نیت کی مستحب اعتکاف کی ۔ (عالمگیری)

مسئلہ : مرد کے اعتکاف کے لئے مسجد ضروری ہے اورعورت اپنے گھر کی اس جگہ میں اعتکاف کرے جو جگہ نما ز کے لئے مقرر کی ہو۔(ردالمختار)

مسئلہ : اعتکاف کرنے والے کو بِلا عذر شرعی مسجد سے نکلنا حرام ہے اگر نکلا تو اعتکاف ٹوٹ جائے گا چاہے بھول کر ہی نکلا ہو۔ اِسی طرح عورت اگراپنے اعتکاف کی جگہ سے نکلی تواعتکاف جاتا رہے گا چاہے گھر ہی میں رہے ۔(عالمگیری وردالمختار)

مسئلہ : مسجد سے نکلنے کے دو عذر ہیں ایک طبعی دوسرا شرعی ۔طبعی عذر یہ ہے کہ جیسے پیشاب ، پاخانہ ، فرض غسل یا وضو (جب کہ غُسل یا وضو کی جگہ مسجد میںنہ ہو مسجد میںبڑا حوض نہ ہو) شرعی عذر یہ ہے کہ جیسے عید یا جمعہ کی نماز کے لئے جانا اگر اعتکاف والی مسجد میں جماعت نہ ہوتی ہوتو جماعت کے لئے بھی جاسکتاہے ان عذروں کے سوا کسی اوروجہ سے اگر تھوڑی دیر کے لئے بھی اعتکاف کی جگہ سے باہر جائے گا تواعتکاف جاتار ہے گا اگر چہ بھول کر ہی جائے ۔ (قانونِ شریعت)

مسئلہ : اگر نفل اعتکاف توڑدے تواس کی قضا نہیں اورسنت مؤکدّہ اعتکاف اگر توڑا توجس دن توڑا فقط اس ایک دن کی قضا پوری دس دنوں کی قضا واجب نہیں اوراگر منت کا اعتکاف توڑا تو اگر مقرر مہینہ کی منت تھی توباقی دنوں کی قضا کرے ورنہ اگر عَلَی الاِْتِّصَال واجب ہوا تھا تو(نئے)سرے سے پھر سے اعتکاف کرے اوراگر عَلَی الاِْتِّصَال واجب نہ تھا توباقی کا اعتکاف کرے ۔(قانونِ شریعت)

مسئلہ : اعتکاف جس وجہ سے بھی ٹوٹے چاہے قصداً یا بلا قصد بہر حال قضا واجب ہے ۔ (ردالمختار وغیرہ )