سو گناہ معاف

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے فرماتے ہیں کہ رحمت عالم ﷺ نے فرمایا جو ایک دن میں سو(۱۰۰)مرتبہ یہ کہے ’’لَا اِلٰہَ اِلاَّاللّٰہُ وَحْدَہٗ لَا شَرِیْکَ لَہٗ لَہٗ المُلْکُ وَلَہٗ الحَمْدُ وَ ھُوَ عَلیٰٰ کُلِّ شَیْئٍ قَدِیْرٌ‘‘۔ اس کے لئے دس غلام آزاد کرنے کے برابر ہوگا۔ اور اس کے لئے سو(۱۰۰) نیکیاں لکھی جائے گی اور اس کے سو گناہ معاف کئے جائیں گے اور اس دن دن بھر اسکی شیطان سے حفاظت ہوگی حتٰی کہ شام پالے اور کوئی شخص اس سے بہتر عمل نہ کرسکے گا اس کے سوا زیادہ پڑھ لے۔

میرے پیارے آقاﷺ کے پیارے دیوانو! ہمارے نامۂ اعمال گناہوں سے بھرے ہوئے ہیں۔ یہ تو اللہ عزوجل کا کرم ہے کہ وہ چھوٹے سے عمل کے سبب ہمارے بیشمار گناہوں کو معاف بھی فرمادیتا ہے اور بیشمار نیکیاں بھی عطا فرماتا ہے اور یہی نہیں بلکہ شیطان سے اس دن ہماری حفاظت بھی فرماتا ہے۔ مذکورہ حدیث شریف میں جو دن بھر شیطان سے حفاظت کا ذکر ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ بندہ دن میں چونکہ جاگتا ہے۔ اور جاگتے ہی میں شیطان زیادہ گناہ کراتا ہے اس لئے دن کا ذکر فرمایا۔ اگر چہ مذکورہ کلمات کسی بھی وقت پڑھنا درست ہے۔ لیکن صبح کے وقت زیادہ افضل ہے تاکہ دن بھر شیطان سے محفوظ رہے یہ تاثیر تو صرف سو(۱۰۰) بار پڑھنے کی ہے۔ اگر اس سے زیادہ پڑھے تو زیادہ فائدہ ہوگا۔

اللہ عزوجل سرکار ﷺ کے صدقہ و طفیل ہم سب کو نیکیوں کی توفیق عطا فرمائے اور شیطان کے شرور سے محفوظ رکھے۔ آمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْمِ عَلَیْہِ اَفْضَلُ الصَّلٰوۃِ وَ التَّسْلِیْمِ