الفصل الثانی

دوسری فصل

حدیث نمبر 601

روایت ہے حضرت ابوالجعدضمری سے ۱؎ فرمایا رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے کہ جو تین جمعے سستی سے چھوڑ دے اﷲ اس کے دل پر مہر کردے گا۲؎(ابوداؤد،ترمذی،نسائی،ابن ماجہ،دارمی)اور مالک نے صفوان ابن سلیم سے،احمد نے ابوقتادہ سےروایت کی۔

شرح

۱؎ بعض لوگوں نے کہا کہ آپ کا نام وہب ہے،کنیت ابوجعد قبیلہ بنی ضمرہ ابن بکر ابن عبد مناف سے ہیں۔ان کے نام میں بڑا اختلاف ہے،آپ صحابی ہیں اور آپ سے ایک ہی حدیث منقول ہے،جنگ جمل میں شہید ہوئے۔

۲؎ سستی کی قید سے معلوم ہوا کہ معذور کا یہ حکم نہیں،مہر سے مراد غفلت کی مہر ہے نہ کہ کفر کی کیونکہ جمعہ چھوڑنا فسق ہے،کفر نہیں،۔اس سے معلوم ہوا کہ بعض گناہ دل کی سختی کاباعث ہیں اور گناہ صغیرہ بار بار کرنے سے گناہ کبیرہ بن جاتاہے۔