اللّٰہ کی رضا والدین کی رضا میں ہے

حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : ’’ رِضٰی اللّٰہِ فِیْ رِضیٰ الْوَالِدَ یْنِ وَسَخْطُ اللّٰہِ فِیْ سَخْطِ الْوَالِدَیْنِ‘‘ترجمہ: اللہ کی رضا مندی ما ں باپ کی رضامندی میں ہے اوراللہ کی ناراضگی ماں باپ کی ناراضگی میں ہے۔

میرے پیارے آقا ﷺ کے پیارے دیوانو! حضور رحمت عالم ﷺ نے اللہ کو راضی کرنے کا ایک طریقہ بتا دیا کہ اگر تم چاہتے ہو کہ اللہ تم سے خوش ہو جائے تو آسان طریقہ یہ ہے کہ تم اپنے ماں باپ کوخوش رکھو، ماں باپ کو خوش رکھنا، ان کو راضی رکھنا کوئی مشکل بات نہیں ہے۔ بہت سارے لوگ،ساری دنیا کو خوش رکھنے کی فکر میں تو لگے رہتے ہیں لیکن والدین کے معاملہ میں نہایت ہی لا پرواہ ہوتے ہیں۔ اسی طرح دوستوں کی نارا ضگی پر فکر مند ہوتے ہیں اور والدین کی ناراضگی پر کوئی افسوس نہیں کرتے، انہیں حضور ﷺ کے مذکورہ فرمان سے سبق حاصل کرنا چاہئے کہ والدین کی ناراضگی در حقیقت اللہ عزوجل کی ناراضگی ہے اور ان کو خوش کرنا در اصل اللہ کو خوش کرنا ہے اور جس سے اللہ راضی ہوجائے اس کو دونوں جہاں کی خوشیاں حاصل ہو گئیں۔ اللہ تبارک وتعالیٰ حضور ﷺ کے صدقہ و طفیل ہم سب کو اپنے والدین کو خوش رکھنے کی توفیق عطافرمائے۔ آمین بجاہ النبی الکریم علیہ وعلیٰ آلہ افضل الصلوۃ والتسلیم