اس جمعے اور اگلے جمعہ کے درمیان کا کفارہ
sulemansubhani نے Tuesday، 9 February 2021 کو شائع کیا.
الفصل الثانی
دوسری فصل
حدیث نمبر 615
روایت ہےحضرت ابوسعید و ابوہریرہ سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے کہ جو جمعہ کے دن غسل کرے وہ اپنے بہترین کپڑے پہنے ۱؎ اور اگر اس کے پاس خوشبو ہو لگائے۲؎ پھر جمعہ میں آئے تو لوگوں کی گردنیں نہ پھلانگے پھر جو اس کے مقدر میں لکھا ہے نماز پڑھ لے پھر جب امام نکلے تو خاموش رہے حتی کہ نماز سے فارغ ہوجائے ۳؎ تو اس جمعے اور اگلے جمعہ کے درمیان کا کفارہ ہوگا۔(ابوداؤد)
شرح
۱؎ بعض علماء فرماتے ہیں کہ مرد کے لیئے سفید کپڑے بہتر ہیں عورت کے لیئے رنگین،مرد کے لیئے سرخ و پیلے کپڑے منع ہیں خواہ بننے کے بعد رنگے گئے ہوں یا رنگے ہوئے سوت سے بنے گئے ہوں۔(مرقاۃ)
۲؎ صرف مرد لگائے،عورتوں کو خوشبو لگا کر نکلنا منع ہے۔اس میں اشارۃً فرمایا گیا کہ یہ خوشبو لوگوں سے مانگے نہیں کہ سوال منع ہے۔
۳؎ صاحبین کے ہاں خطبہ شروع ہونے سے کلام سلام منع ہے،ان کی دلیل پچھلی حدیثیں تھیں۔امام اعظم کے نزدیک امام کے خطبے کے لیئے نکلنے سے کلام و سلام حرام ہوجاتا ہے،ان کی دلیل یہ حدیث ہے مگر مذہب امام اعظم قوی ہےکہ اس میں احتیاط بھی ہے اور دونوں حدیثوں پرعمل بھی۔
ٹیگز:-