ماں باپ کا دیدارحج مقبول کے برابر
ماں باپ کا دیدارحج مقبول کے برابر
حضرت ابن عبّاس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ رسول اعظمﷺ نے ارشاد فرمایا۔ ’’مَا مِنْ وَلَدٍ بَارٍّیَنْظُرُ ِالیٰ والِدَیْہِ نَظْرَۃَ رَحْمَۃٍ اِلاَّکَتَبَ اللّٰہُ لَہٗ بِکُلِّ نَظْرَۃٍ حَجَّۃً مَّبْرُوْرَۃً‘‘ماں باپ کے ساتھ حسن سلوک کرنے والی اولاد جب بھی محبّت کی نظر سے والدین کو دیکھے تو ہر نظر کے بدلے اللہ تعالیٰ مقبول حج کا ثواب لکھ دیتا ہے۔
صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم نے عرض کیا یا رسول اللہﷺ اگر کوئی اپنے والدین کی زیارت دن میں سو بار کرے تو؟فرمایا’’اَللّٰہُ اکْبَرُ وَ اَطْیَبُ‘‘اللہ بہت بڑا ہے اور نہایت ہی تقدس والا ہے۔ (مشکٰو ۃ باب البر والصلۃ)
میرے پیارے آقا ﷺ کے پیارے دیوانو!ماں باپ کے دیدار کی فضیلت رحمت عالم ﷺ نے بیان فرمائی کہ محبت بھری ایک نظر پر حج مقبول کا ثواب۔ اللہ اکبر! حج مقبول کی جزاء سوائے جنت کے کیا ہو سکتی ہے ؟ اگر حج مقبول ہو گیا تو بندہ گناہوں سے ایسا پاک ہو گیا جیسے آج ہی اپنی ماں کے شکم سے پیدا ہوا گویا ماں باپ کو محبت کی نظر سے دیکھنا گناہوں سے چھٹکا رے کا ذریعہ ہے اور حصول جنت کا بھی ذریعہ ہے۔ کاش کہ آج کا مسلمان اس حدیث پاک کی اہمیت سمجھتا اور محبت کی نظر سے ماں باپ کے دیدار کی سعادت حاصل کرتا۔ اللہ عزوجل ہم سب کو محبت کے ساتھ والدین کے دیدار کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین بجاہ النبی الکریم علیہ افضل الصلوۃ والتسلیم۔