یہ وہ دن ہے جسے ﷲ نے عید بنایا
حدیث نمبر 625
روایت ہے حضرت عبید ابن سباق سے(ارسلًا)۱؎ فرماتے ہیں کہ رسول اﷲصلی اللہ علیہ وسلم نے جمعوں میں سے ایک جمعہ میں فرمایا اے مسلمانوں کے گروہ یہ وہ دن ہے جسے ﷲنے عید بنایا لہذا نہاؤ اور جس کے پاس خوشبو ہو تو اسے لگانے میں ضر ر نہیں۲؎ اور مسواک لازم پکڑو ۳؎(مالک)اور ابن ماجہ نے ان سے اور انہوں نے ابن عباس سے متصلًا روایت کی۔
شرح
۱؎ کیونکہ عبید تابعی ہیں،وہ بغیرصحابی کا ذکر کیئے حدیث بیان فرمارہے ہیں،اسی کا نام ارسال ہے۔
۲؎ یعنی جمعہ ہفتہ کی عید ہے اس میں خوشی جشن اورمسلمانوں کا اجتماع ہوتا ہے اگر میلے کچیلے گئے تو کپڑوں اور جسم کی بدبو سے لوگوں کو تکلیف ہوگی،بعض حضرات عیدمیلاد،عرس بزرگان میں نہاکر،صاف کپڑے پہن کر جاتے ہیں،ان کی اصل یہ حدیث ہے۔جب مسلمانوں کے مجمع میں جانا ہو وہاں اچھے لباس اور پاکیزہ جسم سے جانا چاہئیے اسی لیئے عرفات میں غسل کرنا،صاف کپڑے پہننا سنت ہے۔نقصان نہ ہونے کا مطلب یہ ہے کہ عطر و خوشبو عورتوں کے لیئے خاص نہیں جیسا کہ اس زمانہ میں لوگوں کا خیال تھا اور اس سے بھوت پلید چمٹتے ہیں جیسا کہ مشرکینِ ہند کا عقیدہ ہے اسی لیئے پرانے ہندو عطرنہیں ملتے۔
۳؎ یعنی جمعہ کے وضو میں مسواک کرو۔یہ مطلب نہیں کہ نماز پڑھتے وقت مسواک کرو کیونکہ مسواک سنت وضو ہے نہ کہ سنت نماز جیسا کہ وضو کی بحث میں عرض کیا جاچکا۔