{طواف کے بارے میں متفرق سُوال وجواب}

سُوال }… بِھیڑ کے سبب یا بے خیالی میں کسی طواف کے دَوران تھوڑی دیر کے لئے اگر سینہ یا پیٹھ کعبہ کی طرف ہوجائے تو کیا کریں؟

جواب}… طواف میں سینہ یاپیٹھ کئے جتنا فاصِلہ طے کیا ہو اُتنے فاصلے کا اِعادہ کریں اورافضل یہ ہے کہ وہ پھیرا نئے سِرے سے کرلیں۔

سُوال}… دورانِ طواف دُعا کے لئے رُک سکتے ہیں ؟

جواب}…جی نہیں ، چلتے چلتے دُعا پڑھیں۔

سُوال }…نفلی طواف بے وُضو کرنا کیسا ؟ کوئی کفّارہ وغیرہ؟

جواب }… حرام ہے ۔طوافِ زیارت کے علاوہ کوئی بھی طواف ہو(خواہ نفل ہی کیوں نہ ہو) اس کے کُل (یعنی سات) یااکثر (یعنی چار) پَھیرے ناپاکی (یعنی غسل فرض ہونے ) کی حالت میں کئے تو دَ م واجب ہے اوراگر بے وُضو کئے تو صَدَقہ اوراگر تین پھیرے جَنَابت (یعنی ناپاکی ) کی حالت میں کئے تو ہر پھیرے کے بدلے میں صَدَقہ اگر آپ مکۂ معظمہ میں موجود ہیں توان سب صورتوں میں اِعادہ کرلینے سے کفارہ سا قطِ ہوجائے گا۔

سُوال }…اگر دورانِ طواف پَھیروں کی گنتی بھول گئے یا تعداد کے بارے میں شک واقع ہوا اس پریشانی کا کیاحل ہے ؟

جواب }… اگر یہ طواف فرض (مثلاً طوافِ زیارت) یا واجب (مثلاً طوافِ وَداع) ہے تونئے سرے سے شروع کریں اوراگر یہ طواف فرض یا واجب نہیں مثلاً طوافِ قدوم (کہ یہ سنّت ہے )یا کوئی نفلی طواف ہے توایسے موقع پر گمانِ غالب پر عمل کریں۔

سُوال}… اگر تیسرے پھیرے میں وُضو ٹوٹ گیا اور نیا وُضو کرنے چلے گئے تواب واپس آکرطواف کس طرح شروع کریں؟

جواب }…چاہیں توساتوں پھیرے نئے سِرے سے شروع کریں اور یہ بھی اختیار ہے کہ جہاں سے چھوڑا تھا وہیں سے کرنا ہوگا۔ ’’حَجْراَسْوَد‘‘ سے بھی شروع کرنے کی ضرورت نہیں ۔

سُوال}…طواف میں آٹھویں پھیرے کو ساتواں گمان کیا اب یاد آگیا کہ یہ توآٹھواں پَھیرا ہے اب کیا کرے؟

جواب}…اِسی پر طواف ختم کردیں ہاں، اگر جان بوجھ کر آٹھواں پَھیرا شروع کیا تو یہ ایک جدید طواف شرو ع ہوگیا اب اس کے بھی سات پَھیرے پورے کریں۔

سُوال }… عُمرہ کے طواف کاایک پَھیرا چُھوٹ گیا تو کیا کفّارہ ہے ؟

جواب }… اس کا اگر ایک پَھیرا بھی چھوٹ گیا تودَم واجب ہے ۔ اگر بالکل طواف نہ کیا یااکثر (یعنی چار پھیرے) تَرک کئے تو کفّارہ نہیں ، بلکہ ان کا ادا کرنا لازم ہے ۔

سُوال}… قارِن یا مُفردِ نے طوافِ قُدوم ترک کیا تو کیا سزا ہے ؟

جواب}… اس پر کفّارہ نہیں ، لیکن سنّتِ مؤکدہ کا تارک ہوا اور بُرا کیا۔