{اِضْطِباع اور رَمل کے بارے میں سُوال وجواب}

سُوال }…اگر طواف کے پہلے پَھیرے میں رَمل کرنا بھول گئے تو کیا کرنا چاہیے ؟

جواب}… رَمل صِرف ابتدائی تین پھیروں میں سنّت ہے لہٰذا اگر پہلے میں نہ کیا تو دوسرے اورتیسرے (ان دوپھیروں) میں کرلیں۔اوراگر ابتدائی دوپھیروں میں رہ گیا تو صرف تیسرے میں کرلیں اوراگر شروع کے تینوں پَھیروں میں نہ کیا تو اب باقی چار پھیروں میں نہیں کرسکتے ۔

سُوال }… اگر بھیڑ کی وجہ سے رَمل کرنا دُشوار ہوتوکیا کریں؟

جواب }… اگر دَورانِ طواف کعبۂ مشرفہ سے دُور رہنے میں رَمل ہوسکتا ہے توافضل یہ ہے کہ دُور سے طواف کریں اوراگر موقع ملتا ہی نہیں تو دَورانِ طواف رَمل کی خاطر رُکنے کی اجازت نہیں ۔بِلا رَمل طواف جاری رکھیں اورجہاں جہاں موقع ہاتھ آئے اُتنا فاصلہ رَمل کرلیں۔

سُوال }… جس طواف میں اِضْطِباع اوررَمل کرنا تھا اس میں نہ کیا ، تو کیا کفّارہ ہے ؟

جواب}…اِضطباع یا رمل کے ترک پر کوئی کفارہ نہیں البتہ عظیم سنّت سے محرومی ضرور ہے ۔

سُوال}… بعض لوگ ساتوں پَھیروں میں رَمل کرتے ہیں ۔یہ کرنا کیسا ؟ کوئی جرمانہ وغیرہ ؟

جواب }… جہالت ہے خِلاف سنّت ہونے کے سبب مکروہ ہے ۔ مگر کوئی جرمانہ وغیرہ نہیں ۔

سُوال }… لوگوں کی اکثریت اِحرام کی حالت میں کندھا کُھلالئے پھرتی ہے کیا یہ دُرست ہے ؟

جواب }… سنّت کے خلاف ہے ۔اِضطِباع (یعنی سیدھا کندھا کُھلا رکھنا)صرف اُس طواف کے ساتوں پَھیروں میں سنّت ہے جس کے بعد سَعْی ہے ۔ طواف کے فوراً بعد کندھا ڈھک لینا چاہیے ۔

سُوال }… کندھا کُھلا ہونے کی صورت میں نماز واجب الطواف ادا کرنا کیسا ؟

جواب }… ہر قسم کی نماز مکروہ ہے ۔

سُوال }… سَعْی کے دَوران کندھا کُھلا رکھنا کیسا ہے ؟

جواب }…سنّت کے خلاف ہے سَعْی میں بھی اور اس کے علاوہ بھی دونوں کندھے، پیٹ ، پیٹھ وغیرہ سب چھپے ہوئے رکھنا سنّت ہے ۔

سُوال }… طوافِ قُدُوم میں رَمل کرنا سنّت ہے یا نہیں ؟

جواب }… رَمل صرف اُس طواف میں سنّت ہے جس کے بعد سَعْی ہو،ہاں اگر طوافِ قُدُوم کے بعد حج کی سَعْی سے فارغ ہولینے کا ارادہ ہو، تواب طوافِ قُدُوم میں بھی رَمل کرنا سنّت ہے ۔