{ حالت احرام بَوس وکنار کے بارے میں سُوال وجواب}

سُوال }… اِحرام کی حالت میں بیوی کو ہاتھ لگانا کیسا ؟

جواب }… بیوی کو بِلا شہوت ہاتھ لگانا جائز ہے مگر شہوت کے ساتھ ہاتھ میں ہاتھ ڈالنا یا بدن کو چُھونا حرام ہے ۔اگر شہوت کی حالت میں بَوس وکِنار کیا، یا جسم کو چھوا تودَم واجب ہو جائے گا۔

سُوال}… کیا محرمہ (یعنی احرام والی ) پر بھی اس صورت میں کوئی کفارہ ہے ؟

جواب }… اگر محرمہ کو بھی مرد کے ان افعال سے لذّت آئے تو اُسے بھی دَم دینا پڑے گا۔

سُوال }… اگر (معاذ اللہ )مرد نے مرد کے بدن کو شہوت کے ساتھ چُھوا تواُس کا کوئی کفّارہ؟

جواب }… اس پر بھی وہی کفارہ ہے یعنی دَم واجب ہوگا اگر دونوں کو شہوت ہوئی اور دوسرا بھی مُحرِم ہے تو اس پر بھی دَم واجب ہے ۔

سُوال }… اگر تصورُّ جم جائے یا شرمگاہ پرنظر پڑ جائے اوراِنزال ہوجائے تو کیا کفّارہ ہے ؟

جواب }… اس صورت میں کوئی کفّارہ نہیں ، رہا غَیر عورت پر نظر ڈالنا یا اس کا تصور باندھنایہ اِحرام کے علاوہ بھی سخت گناہ ہے اوراِحرام کی حالت میں میاں بیوی بھی احتیاط رکھیں۔

سُوال }… اگر احتلام ہوجائے تو؟

جواب }… کوئی کفّارہ نہیں۔

سُوال }… اگر خدانخواستہ کوئی مُحرِم مُشْت زَنی (ہینڈ پریکٹس) کا مُرتکِب ہوا تو کیا کفّارہ ہے ؟

جواب}… اگر اِنْزَال ہوگیاتو دَم واجب ہے ، ورنہ مکروہ ۔یہ فعل ، خواہ اِحرام ہو یا نہ ہو بہر حال ناجائز وحرام ہے مشت زنی کرنے والے کو ملعون کہا گیا ہے ۔

ایک اہم سُوال }

اگر اَمْرد (یعنی خوب صورت مَرد) سے مُصافحہ کیا اور شہوت غالب آگئی توکیا سزا؟

جواب}… دَم واجب ہوگیا ۔ اس میں اَمرْد اورغیر اَمرْد کی کوئی قید نہیں اگر دونوں کو شہوت ہوئی اور دوسرا بھی مُحرم ہے تو وہ بھی دَم دے۔