{سَعْی کے بارے میں سُوال وجواب}

سُوال }… حج یا عمرہ کی سَعْی مُطْلَقاً نہ کی اوروطن چلا گیا، اب کیا کرے؟

جواب }… حج ہو یا عمرہ سَعْی واجب ہے توجس نے بالکل سَعْی نہ کی یا چار یا چار سے زیادہ پَھیرے ترک کردئیے تودَم واجب ہے ۔ چار سے کم پھیرے اگر ترک کئے تو ہر پھیرے کے بدلے میں صدقہ دے ۔

سُوال }… شوقیہ طور پر گاڑی پر سَعْی کرنا کیسا ہے ؟

جواب }… سَعْی پیدل کرنا ضروری ہے ، بِلا عذر سواری پر کی تو دَم لازم آئے گا۔

سُوال}… سَعْی کے چار پھیرے کرلئے اورعمرہ کا اِحرام کھول دیا یعنی حلق وغیرہ کروالیا اب کیا کرے؟

جواب }…تین صدقے دے ، ہاں اگر بعد حلق وغیرہ کے بھی ادا کرلے تو کفّارہ ساقط ہوجائے گا یاد رہے کہ سَعْی کے لئے زمانۂ حج یا اِحرام شرط نہیں اگر ادا نہ کی ہو توعمر بھر میں جب بھی سَعْی بجا لائے واجب ادا ہوجائے گا۔

سُوال}… اگر حج یا عُمرہ کی سَعْی طواف سے پہلے کرلی ، توکیا کرنا چاہیے ؟

جواب }… سَعْی کا طواف کے بعد ہونا ضروری ہے اگر پہلے کریں گے تودَم واجب ہوگا ہاں، اگر طواف کے بعد دوبارہ سَعْی کرلی تو کفارہ ساقط ہوگیا۔

سُوال }… بے وُضو سَعْی کرسکتے ہیں یا نہیں ؟

جواب }… کرسکتے ہیں مگر باوضومُستحب ہے ۔

سُوال }… حائضہ نے اگر سَعْی کی تو کوئی کفّارہ ہے ؟

جواب }… مرد یا عورت اگر ناپاکی کی حالت میں بھی سَعْی کریں ، تو سَعْی درست ہے ۔

سُوال }… جس طرح نفلی طواف کیا جاتاہے کیا اِسی طرح نفلی سَعْی بھی کی جاسکتی ہے ؟

جواب}… سَعْی کا تعلق صرف حج وعمرہ سے ہے ۔ نفلی سَعْی منقول نہیں ۔

سُوال}… اگر حج کا اِحرام باندھنے کے بعد نفلی طواف میں سَعْی نہ کی ہو، توطوافِ زیارت کے بعد سَعْی کرنے کے لئے اِحرام ضروری ہے یا نہیں ؟

جواب}…اِحرام کی ضرورت نہیں۔