فرشتے زیارت کو آئیں
فرشتے زیارت کو آئیں
حضو ر اقدس ﷺ نے ارشاد فرمایا ’’ جو ثواب کی نیت سے ماں باپ یا ان دونوں میں سے ایک کی زیارتِ قبر کرے تو حج مبرور کا ثواب پائے اور جو ماں باپ یا ان دونوں میں سے کسی ایک کی قبر کی زیارت کثرت سے کرتا ہو تو فرشتے اس کی قبر کی زیارت کوآئیں گے۔
میرے پیارے آقا ﷺ کے پیارے دیوانو ! والدین جب بقید حیات ہوتے ہیں تو زمیں کے اوپر اپنی اولاد کی راحت کا ذریعہ ہوتے ہیں اور فرمانبردار اولاد کبھی والدین کی خدمت کرکے، کبھی ان کی زیارت کرکے، کبھی ان کو خوش کرکے بے شمار نیکیوں کا حقدار بن جاتی ہے، اسی طرح والدین کی عظمت کو اور ان کی خدمت کو تاجدار کائنات ﷺ ان کے انتقال کے بعد بھی ضروری قرار دیتے ہوئے ارشاد فرماتے ہیں والدین کی قبروں کی زیارت کرنے والوں کو صرف فاتحہ پڑھنے کا ثواب نہیں بلکہ حج مبرور کا ثواب ملنے کی بشارتِ عُظمیٰ عطا فرمائی اور کرم بالائے کرم یہ کہ جب والدین کی قبر کی زیارت کرنے والا اس دنیا سے کوچ کرے گا تو اس کی قبر کی زیارت کے لئے اللہ عزوجل کے معصوم فرشتے تشریف لائیں گے۔ سبحان اللہ ! ربِ قدیر جل جلالہ اپنے پیارے محبوب اکے صدقہ و طفیل ہم سب کو اپنی والدین کی خدمت بغرضِ ثواب و حق جانتے ہوئے کرنے کی توفیق عطافرمائے۔ آمین بجاہ النبی الکریم علیہ افضل الصلوۃ والتسلیم