{ہم بستری کے بارے میں سُوال وجواب }

سُوال }… کیا حج فاسِد بھی ہوسکتاہے ؟

جواب }… جی ہاں ، اگر مُحرِم نے وُقوفِ عرفات سے قبل ہم بستر ی کرلی تو حج فاسد ہوجائے گا۔اس میں دَم بھی لازم ہوگا اورآئندہ سال قضا بھی کرنی ہوگی ۔ اگر عورت بھی مُحرِمہ تھی تو دونوں پر یہی کفّارہ ہے لیکن حج فاسِد ہوجانے کے باوجود تمام اَفعالِ حج بدستور ادا کرنے ہوں گے ۔اوران کا اِحرام بھی ابھی باقی ہے ۔

سُوال }… اگر مسئلہ معلوم نہ ہو اوربُھول سے جِماع کربیٹھا پھر؟

جواب }…بھول کر ہم بستری کی ہو، یا جان بوجھ کر ، اپنی مرضی سے کی ہو، یا بالجبر ہرحال میں حج فاسد ہوجائے گا اوردَم دینا پڑے گا بلکہ دوسری مجلس میں دوسری بار اگر جِماع کربیٹھا تودوسرا دَم بھی دینا ہوگا۔

سُوال }… اگر کوئی حاجی وُقوف عرفات کے بعد حَلْق وطوافُ الزیارۃ سے قبل جِماع کرلے تو اُس کا کیا کفارہ ہے ؟

جواب }… اُس کا حج نہ جائے گا مگر اُس پر بَدَنہ واجب ہوجائے گااوراگر حَلْق کے بعد مگر طواف سے قبل کیا تو دَم لازم ہوگا اور بہتر اب بھی بَدَنہ ہے اوراگر حَلْق وطواف کے بعد (چاہے ابھی جَمرات کی رَمْی باقی ہو) کیا، تو کوئی کفّارہ نہیں۔

سُوال }… کیا جِماع سے حاجی کا ’’اِحرام ‘‘ ختم ہوجاتاہے ؟

جواب}…جی نہیں، اِحرام بدستور باقی ہے جو چیزیں مُحرِم کے لئے ناجائز ہیں ، وہ اب بھی ناجائز ہیں اوروہی تمام احکام ہیں ۔

سُوال }… اگر حج فاسد ہوجائے اوراُسی وقت نیا احرام اُسی سال کے حج کے لئے اگر باندھ لے ، تو؟

جواب }… اِس طرح نہ کفارے سے خلاصی ہوگی ، نہ اب اس سال کا حج ہوسکے گا کہ وہ فاسد ہوچکا ۔ البتہ تما م اَفعالِ حج بجالانے ضروری ہیں۔ بہرحال آئندہ سال کی قضا سے بچ نہیں سکے گا۔

سُوال }… متمتع نے عمرہ کرکے اِحرام کھول دیا ہے اورابھی مناسک حج شروع ہونے میں کئی روز باقی ہیں ، بیوی کے ساتھ خلوت کرسکتاہے یا نہیں ؟

جواب }… جب تک حج کا اِحرام نہیں باندھا خَلْوت کرسکتاہے ۔

سُوال }… اگر عمرہ کا اِحرام باندھنے کے بعد طواف وغیرہ سے قبل ہم بستری کرلی تو کیا کفّارہ ہے ؟

جواب }… عمرہ میں طواف کے چار پھیرے کرنے سے پہلے اگر جماع کیا تو عمرہ فاسد ہوگیا ۔

عمرہ پھر سے کرے اوردم بھی دینا ہوگا ۔ اگر چار پھیرے یا مکمل طواف کے بعد کیا توصرف دَم واجب ہوا۔ عمرہ صحیح ہوگیا۔

سُوال }… اگر مُعْتَمِرْ (یعنی عمرہ کرنے والا)طواف و سَعْی کے بعد مگر سر مُنڈانے سے پہلے جِماع میںمبتلا ہوگیا پھر توکوئی سزا نہیں ؟

جواب }… کیوں نہیں ، اب بھی دَم واجب ہوگا حَلْق یا قَصْر کروانے کے بعد ہی بیوی حلال ہوگی۔