ابن تیمیہ الحرانی
ابن تیمیہ الحرانی
احادیث احکام کی مشہور کتاب ’’ منتقی الاخبار‘‘ کے مصنف ابن تیمیہ الحرانی کو غلطی سے وہ ابن تیمیہ الحرانی سمجھ لیا جاتا ہے جو شیخ الاسلام کے لقب سے مشہور ہیں- حالانکہ یہ دو الگ الگ شخصیات ہیں ۔
اول الذکر دادا ہیں اور ثانی الذکر پوتے، اول الذکر کا نام ابوالبرکات مجد الدین عبد السلام بن عبد اللہ ابن تیمیہ الحرانی الحنبلی ہے( ولادت ۵۹۰ھ وفادت ۶۵۲ھ) آپ منتقی الاخبار کے مصنف ہیں -قاضی شوکانی کی مشہور کتاب’’ نیل الاوطار‘‘ در اصل اسی منتقی الاخبار کی شرح ہے۔
ثانی الذکر کا پورا نام ابو العباس تقی الدین احمد بن عبد الحلیم بن عبد السلام ابن تیمیہ الحرانی ہے ( ولادت ۶۶۱ھ وفات ۷۶۸ھ) طلاق ثلاثہ، شد رحال اور وسیلہ و استعانت وغیرہ میں آپ نے اجماع امت کے خلاف فتویٰ دیا- بعض حضرات نے متشابہات کے مسئلہ میں تجسیم اور تشبیہہ کا عقیدہ بھی آپ سے منسوب کیا ہے مگر آپ کے موجودہ معتقدین اس کو اتہام قرار دے کر اس سے برأت ظاہر کرتے ہیں- ’’مجموعۃ فتاویٰ‘‘، ’’الصارم المسلول علی شا تم الرسول‘‘، ’’منہاج السنہ‘‘ اور ’’الرسائل والمسائل‘‘ آپ کی مشہور تصانیف ہیں- ان دونوں حضرات میں فرق کرنے کے لیے اول الذکر کو ابن تیمیہ الجد لکھا جاتا ہے-
واللہ اعلم
✍️ زبیر احمد