احرام کی حالت میں بال دُور کرنے کے اَحکام پر سُوال وجواب
{بال دُور کرنے کے اَحکام پر سُوال وجواب}
سُوال }… اگر معاذ اللہ ! کسی مُحْرِم نے اپنی داڑھی مونڈوادی تو کیا سزا ہے ؟
جواب }… داڑھی منڈوانا یا خَشخشی کروادینا ویسے بھی حرام ہے اوراحرام کی حالت میں سخت حرام ۔
البتہ احرام کی حالت میں سَر کے بال بھی نہیں کاٹ سکتے تواگر چوتھائی(1/4)سر یا چوتھائی داڑھی کے بال یا اس سے بھی زائد کسی طرح دُور کئے تودَم واجب ہوگیا۔اورچوتھائی(1/4) سے کم میں صدقہ۔
سُوال }… عورت اپنے بال لے سکتی ہے یا نہیں ؟
جواب}…نہیں ! عورت اگر پورے سَر یا چوتھائی (1/4)سر کے بال ایک پورے کے برابر لے تودَم دے اور کم میں صدقہ۔
سُوال }…کیا مُحرم مُوئے زیرِ ناف بھی نہیں لے سکتا؟
جواب }… جی نہیں ، اگر آدھے یا اس سے بھی زیادہ لئے تو صدقہ واجب ہوگا اور تمام لے لئے تودَم ۔
سُوال }… بَغَل کے بالوں کے بارے میں بھی اِرشاد ہو؟
جواب }… بَغَل کے بال لینے میں دَم واجب ہوجاتاہے ۔دونوں بغلوں کا ایک ہی حکم ہے ۔ہاں اگر ایک بغل کے بال لینے کے بعد کفّارہ دے دیا اوراب دوسری بغل کے بال کاٹے تودوسرا کفّارہ دینا ہوگا۔
سُوال}…اگر اَدھوری بغل کے بال اُتار ے تھے اوریاد آگیا اوررُک گئے تو کیا اب بھی دَم واجب ہوگیا؟
جواب }… نہیں آدھی بلکہ اس سے بھی زائد بال لئے تو صدقہ واجب ہے اوردَم صرف بغل کے سارے بال لینے پر ہے ۔
سُوال }… سَر ، داڑھی ، بغلیں وغیرہ سب ایک ہی مجلس میں منڈوادئیے توکتنے کفّارے ہوں گے ؟
جواب }… خواہ سَر سے لے کر پاؤں تک سارے بدن کے بال ایک ہی مجلس میں منڈوائیں توایک ہی دَم واجب ہوگا اگر الگ الگ اَعضاء کے الگ الگ مجلس میں منڈوائیں گے تواُتنے ہی کفارے ہوں گے ۔
سُوال }… اگر وضو کرنے میں بال جھڑتے ہوں توکیا اس پر بھی کفارہ ہے ؟
جواب }… کیوں نہیں ، وضو کرنے میں ،کھجانے میں یا کنگھا کرنے میں اگر دویا تین بال گرے توہر بال کے بدلے میںایک ایک مٹھی اناج یاایک ایک ٹکڑا روٹی یا چھوارا خیرات کریں اورتین سے زیادہ گرے توصَدقہ دینا ہوگا۔
سُوال }… اگر کھانا پکانے میں چُولہے کی گرمی سے کچھ بال جَل گئے تو ؟
جواب }… صدقہ دینا ہوگا۔
سُوال }… مونچھ صاف کروادی ، کیا کفارہ ہے ؟
جواب }…مونچھ اگر چہ پوری منڈوائیں یا کتروائیں صدقہ ہے ۔
سُوال }… اگر سینے کے بال منڈوادئیے توکیا کرے؟
جواب }… سر، داڑھی ، گردن اورموئے زیر ناف کے علاوہ باقی اعضاء کے بال منڈوانے میں صرف صدقہ ہے ۔
سُوال }… بال جھڑ نے کی بیماری ہو اور خود بخود بال جھڑتے ہوں تو اس پر کوئی رعایت ہے یا نہیں؟
جواب }… کیوں نہیں ، اگر بغیر ہاتھ لگائے خود بخود بال گر جائیں بلکہ اگر خود بخود تما م بال بھی جَھڑ جائیں تو کوئی کفارہ نہیں ۔
سُوال }… مُحرِم نے دوسرے مُحرِم کا سر مونڈا توکیا سزا ہے ؟
جواب }… اگر اِحرام کھولنے کا وقت آگیا ہے ۔ مثلاً دونوں عمرہ والوں نے طواف وسَعْی سے فراغت حاصل کرلی ہے تواب دونوں ایک دوسرے کے بال مونڈ سکتے ہیں اگرا بھی اِحرام کھولنے کا وقت نہیں آیا تواس پر کفارے کی صورت مختلف ہے اگر مُحرِم نے مُحرِم کا سرمونڈا توجس کا سر مونڈاگیا اُس پر توکفارہ ہے ہی ، مونڈنے والے پر بھی صَدَقہ ہے اوراگر مُحرِم نے غیر مُحرِم کا سَر مونڈا ، یا مونچھیں یا ناخن تراشے تومساکین کو کچھ خیرات کردے ۔
سُوال }… غیر مُحرِم مُحرِم کا سرمونڈ سکتاہے یا نہیں ؟
جواب }… وقت سے پہلے نہیں مونڈ سکتا، اگر مونڈے گا تو مُحرِم پر توکفارہ ہے ہی ۔غیر مُحرِم کو بھی صدقہ دینا پڑے گا۔
سُوال }… کوئی بال خود بخود جھڑکر آنکھ میں آگیا توکیا کریں؟
جواب }…نکال لیں ، کوئی کفّارہ نہیں ۔