{ناخن تراشنے کے بارے میں سُوال وجواب}

سُوال }… اِحرام کی حالت میں ناخن کاٹنا کیسا ہے ؟

جواب}… حَرام ہے مگر کوئی ناخن ٹوٹ گیا کہ اب بڑھنے کے قابل نہ رہا تو اس کا بقیہ حصّہ کاٹ لیا تو کوئی حرج نہیں ۔

سُوال }… مسئلہ معلوم نہیں تھا اوردونوں ہاتھوں اور دونوں پاؤں کے ناخن کاٹ لئے اب کیا ہوگا؟

جواب }… جاننا یا نہ جاننا یہاں عُذْرنہیں ہوتا ، خواہ بھول کر جُرم کریں یا جان بوجھ کر اپنی مرضی سے کریں یا کوئی زبردستی کروائے کفّارہ ہر صورت میں دینا ہوگا۔

سُوال }… توان کا کفارہ بھی بتادیجئے ؟

جواب }… اگر چاروں ہاتھ پاؤں کے ناخن ایک ہی مجلس میں کاٹے تو ایک دَم واجب ہوا اور اگر دومجلسوں میں کاٹے مثلاً دونوں ہاتھوں کے ناخن ایک مجلس میں کاٹ لئے پھر بعد میں دوسری مجلس میں دونوں پاؤں کے تودو دَم واجب ہوئے ۔ اِسی طرح اگر چاروں ہاتھ پاؤں کے ناخن چار مجلسوں میں کاٹے تو چار دَم واجب ہوں گے ۔

سُوال }… ابھی ہاتھ کی چاراُنگلیوں کے ناخن کاٹے تھے کہ یا د آگیا کہ اِحرام سے ہے تو اب کیا سزاہے ؟

جواب }… پانچ اُنگلیوں سے کم میں فی اُنگلی ایک ایک صَدقہ واجب ہوگا۔لہٰذا چار صَدَقے واجب ہوئے ۔

سُوال }…ناخن اگر دانت سے کتر ڈالے ، تو کیا سزا ہے ؟

جواب }… خواہ بلیڈ سے کاٹیں، یا چاقو سے ، ناخن تَراش (یعنی نیل کٹر) سے تراشیں یا دانتوں سے کَتریں سب کا ایک ہی حکم ہے ۔

سُوال }… مُحرِم کسی دُوسرے کے ناخن کاٹ سکتا ہے یا نہیں ؟

جواب }… نہیں کاٹ سکتا، اس کے وہی اَحْکام ہیں جو دوسروں کے بال مُونڈنے کے ہیں ۔