حضرت موسیٰ علیہ السلام کی جنت میں رفاقت
حضرت موسیٰ علیہ السلام کی جنت میں رفاقت
علامہ ابن جَوزی علیہ الرحمہ اپنی مشہور تالیف’’ کتاب المنظم فی تواریخ الامم‘‘ میں تحریر فرماتے ہیں کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام نے دعا کی الٰہی ! مجھے میرا رفیقِ جنت دنیا ہی میں دکھا دے ارشادہوا فلاں شہر جائیے وہاںایک قصاب سے ملا قات کریں وہی تمہارا جنت کاسا تھی ہے۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام اس کے پاس پہونچے اس نے آپ کو دیکھتے ہی عرض کیا اے نوجوان ! کیا تم میری دعوت قبول کرو گے آپ نے فرمایا ہاں، وہ اپنے گھر لے گیا اس نے آپ کے سامنے کھانا چُنا جب کھانے لگے تو وہ ایک لقمہ خود اٹھاتا اور دو لقمے قریب ہی پڑی زنبیل میں ڈال دیتا، اسی اثناء میں دروازہ کھٹکا وہ اٹھا اور حضرت موسیٰ علیہ السلام نے زنبیل میں دیکھا اس کے والدین نہایت بوڑھے اور نحیف ترین حالت میں ہیں، حضرت موسیٰ علیہ السلام کو دیکھ کر دونوں مسکرائے پھر آپ کی رسالت کی تصدیق کرکے ایمان کی دولت سے مشرف ہوتے ہی فوت ہو گئے۔
وہ نوجوان واپس پلٹا، زنبیل میں دیکھا کہ اس کے ماں باپ فوت ہو چکے ہیں وہ مسکرایا پھر اس نے حضرت موسیٰ علیہ السلام کے ہاتھ چومے اور آپ پر ایمان لے آیا کہنے لگا اے موسیٰ علیہ السلام ! آپ اللہ کے نبی اور رسول ہیں آپ نے فرمایا : تجھے کیسے معلوم ہوا ؟ کہا ان دونوں نے جو اس زنبیل میں ہیں یہ میرے ماں باپ ہیں یہ اتنے بوڑھے ہو چکے تھے کہ میں انھیں اکیلے نہیں چھوڑتا تھا، جہاں جاتا ساتھ لئے پھرتا جب تک انھیں کھلا پلا نہ لیتا خود نہیں کھاتا تھا، جب یہ شکم سیر ہوکر کھانا کھا لیتے تو روزانہ دعا فرماتے الٰہی ! ہمارے اس بیٹے کو جنت میں حضرت موسیٰ علیہ السلام کا ساتھ نصیب فرما اور ہماری اس وقت تک جان نہ نکلے جب تک تیرے کلیم کی زیارت نہ کر پائیں۔ آپ نے فرمایا اے جوان پھر تجھے بشارت ہو کہ تیرے والدین کی دعا تیرے حق میں اللہ تعالیٰ نے قبول فرمالی ہے۔ ( نزھۃ المجالس )
میرے آقاﷺ کے پیارے دیوانو! والدین کی دل سے خدمت کا صلہ کیا کیا ملتا ہے !۔ کتنے صاحب عقل تھے وہ والدین جنہوں نے حضرت موسیٰ علیہ الصلوٰۃ والتسلیم کی رفاقت کی دعا اپنی اولا د کو دی، در اصل والدین کے دل سے دعا کا از خود نکلنا یہ موقوف ہے ان کی خوشنودی اور ان کی خدمت پر۔ قصاب کو حضرت کلیم کی دعوت میں بھی والدین کی بھوک کا خیال تھا اور اس قصاب نے اپنے والدین کے لئے اس کھانے میں سے کچھ حصہ رکھا اور ان کو پیش کیا تو اللہ تعالیٰ نے حضرت کلیم علیہ السلام کا اسے جنت کا ساتھی بنا دیا۔ مولیٰ تعالیٰ سرکا ر رحمتِ عالم ﷺکے صدقہ و طفیل والدین کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین بجاہ النبی الکریم علیہ افضل الصلوۃ والتسلیم