عمر میں برکت

حضرت معاذ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبیٔ اکرم اکا فرمان عالیشان ہے’’ مَنْ م بَرَّوَالِدَیْہِ طُوْبیٰ لَہٗ زَادَ اللّٰہُ عَزَّوَجَلَّ فِیْ عُمُرِہٖ‘‘ جو ماں باپ کی تابعداری کرتا ہے اللہ تعالیٰ اس کی عمر میں اضافہ فرماتا ہے۔ (الادب المفرد )

میرے آقا ﷺ کے پیارے دیوانو! کون اپنی عمر میں برکت نہیں چاہتا؟ کوئی دوا کے ذریعہ تو کوئی دعا کے ذریعہ سب متمنی ہیں، لیکن تاجدار کونین ا کا فرمان یقینی ہے آقائے کا ئنات ﷺ نے جب ارشاد فرمادیا کہ والدین کی اطاعت و فرمانبرداری سے اللہ عزوجل عمر میں برکتیں عطا فرماتا ہے لہٰذا جس کسی کو اپنی عمر میں برکت اورکامیابی درکار ہو اسے چاہئے کہ والدین کی تابعداری و فرمانبرداری کرے انشاء اللہ عمر میں برکتوں کے علاوہ اس کی اولاد بھی اس کی فرمانبردار ہوگی۔

اوراسی طرح حضرت وَہبْ بن مُنَبَّہْ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ علیہ السلام پر وحی نازل فرمائی اے موسیٰ اپنے والدین کا احترام کیا کرو اس لئے کہ جو والدین کا احترام کرے گا میں اس کی عمر میں اضافہ کرتا ہوں اور اسے ایسی اولاد عطا کرتا ہوں جو اس کی فرمانبرداری کرے اور جو والدین کی نافرمانی کرتا ہے اُس کی عمر کم کر دیتا ہوں اور اس کی اولاد بھی اس کی نافرمانی کرتی ہے۔