حالت احرام میں سِلے ہوئے کپڑے وغیرہ کے متعلق سُوال وجواب
{سِلے ہوئے کپڑے وغیرہ کے متعلق سُوال وجواب}
سُوال }… مُحرِم نے اگر بھول کر سِلا ہوا لباس پہن لیا اوردس منٹ کے بعد یا دآتے ہی اُتار دیا تو کوئی کفارہ وغیرہ ہے یا نہیں ؟
جواب }…ہے اگر چہ لمحے کے لئے پہنا ہو ،جان بوجھ کر پہنا ہو یا بُھولے سے صدقہ واجب ہوگیا اوراگر چار پہر یا اس سے زیادہ چاہے لگا تار کئی دن تک پہنے رہا دَم واجب ہوگا۔
سُوال }…اگر ٹوپی یا عمامہ یا اِحرام ہی کی چادر مُحرِم نے سرپر اوڑھ لی تو اس کی کیا سزا ہے ؟
جواب}…مَرد سارا سَر یا سَر کا چوتھائی حصّہ یا مرد خواہ عورت منہ کی ٹکلی ساری یا چوتھائی حصّہ چار پہر یازیادہ لگاتار چھپائیں دم ہے ۔ اور چوتھائی (1/4)سے کم چار پہر تک یا چارپہرسے کم اگر چہ سارا منہ یا سرتو صدقہ ہے اورچہارم سے کم کو چار پہر سے کم تک چھپائیں توکفارہ نہیں مگر گناہ ہے ۔
سُوال }… نَزْلہ میںکپڑے سے ناک پونچھ سکتے ہیں یا نہیں؟
جواب }…بے خوشبو کے ٹشو پیپر مُیسر ہوں تو اُن سے ناک پونچھ لیں یہی مناسب ہے ورنہ کپڑا یاتولیہ ناک سے تھوڑی دُور رکھ کر اُس میں سِنْک لیں۔
سُوال }… سوتے وقت بے سلی چادَر اوڑھ سکتے ہیں یا نہیں ؟
جواب }… بے سلی ایک بلکہ ایک سے زیادہ چادریں بھی چہرے کو بچا کر اوڑھنے میں کوئی حرج نہیں ۔ خواہ پاؤں پورے ڈھک جائیں ۔
سُوال }… اگر نیند میں چادر منہ پر اُوڑھ لی تو کوئی حرج تونہیں ؟
جواب}…حَرج ہے ۔سوتے میں بھی جُرم پر کفارہ ہے ۔
سُوال }… اگر مُحرِم نے سَر پر کوئی بڑا سا برتن اُٹھا لیا تو کیا کفارہ دینا ہوگا؟
جواب }… کوئی کفارہ نہیں، مُحرِم سرپر غَلّہ کی بوری ، لگن ، برتن ، تختہ وغیرہ اٹھالے تو جائز ہے ۔ ہاں کپڑے کی گٹھڑی اٹھائے تو کفارہ ہے ۔ اورمُحرِمہ کپڑے کی گٹھڑی بھی اُٹھا سکتی ہے کیونکہ اُس کو سر ڈھکنے کی بھی اجازت ہے ۔
سُوال }… اگر بھولے سے سِلے ہوئے کپڑے پہن کر اِحرام کی نیت کر لی اب نیت کے بعد فوراً سِلے ہوئے کپڑے اُتار کر بے سِلے پہن لئے توکیا جرمانہ ہے ؟
جواب }…صدقہ دے ۔
سُوال }…اگر نیت اِحرام سے پہلے سرننگاکرنا بھول گیا بعدِ نیت فوراً سرننگا کرلیا تو کوئی کفارہ؟
جواب }… صدقہ دے۔
سُوال }… بِھیڑمیں دوسرے کی چادر سے ہمار امنہ یا سَر ڈھک گیا، اس میں ہمار اتوکوئی قصور نہیں ، کیا اب بھی کوئی سزا ہے ؟
جواب}… آپ کو صدقہ دینا ہوگا اس میں یہ ہے کہ آپ کوگناہ نہیں ہوگا ورنہ قصداً اگر سر یا منہ ڈھکتے تو گناہ بھی ہوتا اورکفارہ بھی ۔
سُوال }… کیا بیماری وغیرہ کی مجبوری سے سِلا ہوا لباس پہننے میں کفارے ہیں؟
جواب }…جی ہاں! بیماری وغیرہ کے سبب اگر سرسے پاؤں تک سب کپڑے پہننے کی ضرورت پیش آئی توایک ہی جُرم غیر اختیاری ہے ۔ اگر چار پہر پہنے یا زیادہ ، تودم۔اورکم میںصدقہ اوراگر اس بیماری میں اُس جگہ ضرورت ایک کپڑے کی تھی اور دو پہن لئے مثلاًضرورت کُرتے کی تھی اور سلائی والا بنیان بھی پہن لیا تو اس صورت میں کفارہ توایک ہی ہوگا مگر گنہگار ہوگا اوراگر دوسرا کپڑا دوسری جگہ پہن لیا مثلاً ضرورت پاجامے کی تھی اور کرتہ بھی پہن لیا توایک جرم ِ غیر اختیاری ہوا اورایک جُرمِ اختیاری۔
سُوال }… اگر بغیر ضرورت سارے کپڑے پہن لئے توکتنے کفارے دینا ہوں گے ؟
جواب }… اگر بغیر ضرورت سب کپڑے ایک ساتھ پہن لئے توایک ہی جرم ہے ۔دوجرم اس وقت ہیں کہ ایک ضرورت سے ہواور دوسرا بِلا ضرورت۔
سُوال }…اگرمنہ دونوں ہاتھوں سے چھپالیا یا سر پر کسی نے ہاتھ رکھ دیا کوئی حرج تونہیں؟
جواب }… کوئی حرج نہیں ۔
سُوال }… مُحرِم موزے پہن سکتاہے یا نہیں ؟
جواب }… نہیں پہن سکتا اگر پہنے گاوہی کفارہ ہے جو سِلا ہوا لباس پہننے کا ہے ۔
سُوال }… اگر کندھے پر سِلے ہوئے کپڑے ڈال لئے کیا سزا ہے ؟
جواب }… جائز ہے کوئی کفارہ نہیں ۔