جنت کی خوشبو سے محروم

محسنِ انسانیت، رحمت عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ ماں باپ کی نافرمانی سے بچو اس لئے کہ جنت کی خوشبو ہزار برس کی راہ تک آتی ہے اور والدین کا نافرمان اس کی خوشبو نہ سونگھ سکے گا اور اسی طرح رشتہ توڑنے والا، بوڑھا زانی، اور تکبر سے تہبند ٹخنہ سے نیچے پہننے والابھی جنت کی خوشبو نہ پاسکے گا۔ بیشک کبریائی تو صرف اللہ عزوجل ہی کولائق ہے۔ ( مدارک التنزیل )

میرے آقا صلی اللہ علیہ وسلم کے پیارے دیوانو! عطر، پھول، مشک وعنبر وغیرہ کی خوشبو انسان کو راحت و سکون عطا کرتی ہے یہ دنیا کی خوشبو کا حال ہے۔ اللہ عزوجل نے جنت کو اتنا حسین بنایا ہے کہ اس کی خوشبو دنیا کی خوشبو کی طرح نہیں کہ چند منٹ اور چند قدم تک آتی ہو بلکہ تاجدار کائنات ا نے ارشاد فرمایا ہزار برس کی دوری سے جنت کی خوشبو آتی ہے مگر کتنا کم نصیب ہے وہ شخص جو والدین کی نافرمانی کا مرتکب ہو کر جنت کی خوشبو سے محروم رہے گا اور جب خوشبو نہیں ملے گی تو جنت کہاں سے ملے گی۔ اللہ عزوجل رحمت عالم صلی اللہ علیہ وسلم کے صدقہ وطفیل جنت کی خوشبو اور جنت کا حقدار بنائے اور جملہ گناہوں سے بچائے۔ آمین بجاہ النبی الکریم علیہ افضل الصلوۃ والتسلیم۔