{حَلْق وتقصیر کے متعلق سُوال وجواب}

سُوال }… اگر حاجی نے بارہویں کے بعد حَرم سے باہر سرمنڈوایا ، تو کیا سزا ہوگی ؟

جواب }… دودَم ، ایک حرم سے باہر حَلْق کروانے کا ، دوسرابارہویں کے بعد ہونے کا ۔(ردّ المختار)

سُوال }… مُفْرد حَلْق کہاں کروائے ؟

جواب }… اُسے بھی حُدوُد حرم میں حَلْق یا قصر کروانا واجب ہے ۔

سُوال }… اگر کسی حاجی نے بارہویں کے بعد حَلْق کیا تو اُس پر کیا جرمانہ عائدہوگا؟

جواب}…دَم دینا ہوگا۔

سُوال }… اگر عمرہ کا حَلْق حَرم سے باہر کروانا چاہے تو کرواسکتاہے یا نہیں ؟

جواب }… نہیں کرواسکتا۔کروائے گا تودَم واجب ہوگا۔ ہاں اس کے لئے وقت کی کوئی قید نہیں ۔(دُرمختار)

سُوال }… بعض لوگ قینچی سے دوتین جگہ سے چند بال کاٹ لیتے ہیں اس طرح قَصر ہوجائے گا یا نہیں ؟

جواب }… نہیں ہوگا۔بدستور پابندیاں باقی رہیں گی۔

سُوال }… جو لوگ جَدّہ شریف وغیرہ میں کام کرتے ہیں اُن میں سے بعض لوگ عُمرہ میں سر کے چند بال ہی کٹوانے پر اکتفا کرتے ہیں اور کہتے ہیں ہم نے جب پہلی بار عمر ہ کیا تھا اُس میں حَلْق کروالیا تھا۔ اب بار بار ضروری نہیں۔ ان کی دلیل کہاں تک دُرست ہے ؟

جواب }… اُن کا یہ جواب شریعت کے معاملے میں جرأت ہے ۔کوئی چاہے ہزار بار عمرہ کرے ہر بار حَلْق یا قَصْر کروانا پڑے گا خواہ کعبہ شریف کا متولی ہی کیوں نہ ہو۔

سُوال }… اگر سر پر سِرے سے بال ہی نہ ہوں تو؟

جواب }… خواہ بال ہوں یا نہ ہوں ، خواہ قدرتی گنج ہی کیوں نہ ہوہر صورت میں اُسترا پھروانا واجب ہے ۔ہاں جس کے سَر پر بکثرت پُھڑیاں یا زَخم ہوں اور حَلْق یا قَصْر ممکن نہ ہو، وہ معذور ہے اوراُسے معاف ہے ۔