رزق میں تنگی کا سبب

حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہیکہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا’’اِذَا تَرَکَ الْعَبْدُ اَلدُّعَائَ لِلْوَالِدَیْنِ فَاِنَّہ یَنْقَطِعُ عَنْہُ الرِّزْقَ ‘‘ یعنی آدمی جب ماں باپ کے لئے دعا کرنا چھوڑ دیتا ہے تو اس کا رزق روک دیا جاتا ہے۔ (کنزالعمال)

میرے آقا ﷺ کے پیارے دیوانو! کون نہیں چاہتا کہ وہ دولت مند نہ ہو؟ ہر ایک چاہتا ہے مگر عمل کن نسخوں پر کرتا ہے ؟ اُن نسخوں پر عمل کرتا ہے جو دنیا کا عام آدمی بتاتا ہے۔ لیکن رحمت عالم ﷺ کے بتائے ہوئے نسخوں پر عمل نہیں کرتا۔ کتنے تعجب کی بات ہے ! اپنی تنگیٔ رزق کی وجہ مختلف چیزوں کو سمجھتا ہے کبھی اس کی نظر اپنے والدین کے لئے دعا نہ کرنے پر نہیں جاتی لہٰذا دیوانو! اپنے آقا ﷺ کے فرمان کو خانۂ دل میں محفوظ کرلو اور آج ہی سے ہر نماز کے بعداپنے والدین کے لئے دعا کرنا شروع کردو اور درج ذیل دعا کو اپنے اوپر لازم کرلو۔ ’’رَبِّ اجْعَلَنِیْ مُقِیْمَ الصَّلٰوۃِ وَ مِنْ ذُرِّیَّتِیْ رَبَّنَا وَ تَقَبَّلْ دُعَائِ رَبَّنَا اغْفِرْلِیْ وَلِوَالِدَیَّ وَ لِلْمُؤمِنِیْنَ یَوْ مَ یَقُوْمُ الْحِسَابo‘‘ ترجمہ: اے میرے رب مجھے نماز کا قائم کرنے والا رکھ اور کچھ میری اولاد کو، اے ہمارے رب ہماری دعا سن لے اے ہمارے رب مجھے بخش دے اور میرے ماں باپ کو اور سب مسلمانوں کو جس دن حساب قائم ہوگا۔ ( پ۱۳؍آیت ۳۹)

انشاء اللہ روزی میں برکت بھی ہوگی اور کبھی تنگی کا سایہ بھی نہیں آئے گا ربِّ قدیر جل جلالہ اپنے پیارے محبوب ﷺ کے فرمان پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

آمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْمِ عَلَیْہِ اَفْضَلُ الصَّلٰوۃِ وَ التَّسْلِیْمِ