متفرق سُوال وجواب حجاج و معتمرین
{متفرق سُوال وجواب حجاج و معتمرین }
سُوال }… اگر مُحرِم کا سَر پھٹ گیا یا منہ پر زَخم ہوگیا اوربصورت ِ مجبوری اُس نے سریا منہ پر پٹی باندھ لی تواس پر کوئی گناہ تونہیں؟
جواب }… مجبوری کی صورت میں گناہ نہیں ہوگا۔البتہ’’جُرمِ غیر اختیاری‘‘ کا کفارہ دینا آئے گا۔ لہٰذا اگر دن یا رات یا اس سے زیادہ دیر تک اتنی چوڑی پٹی باندھی کہ چوتھائی یا اس سے زیادہ سَر یا منہ چھپ گیا تودَم اورکم میں صدقہ واجب ہوگا۔ اس کے علاوہ جسم کے دوسرے اَعضاء پر نیز عورت کے سرپر بھی مجبوراً پٹی باندھنے میں کوئی مضائقہ نہیں ۔
سُوال }…متمتع اورقارِن حج کے انتظار میں ہیں ۔اس دوران عُمرہ کرسکتے ہیں یا نہیں ؟
جواب}… قارِن کا اِحرام توابھی باقی ہے ، یہ تو کر ہی نہیں سکتا ، رہا متمتع ،تو اس بارے میں علماء کا اختلاف ہے ۔ بہتر یہی ہے کہ صرف نفلی طواف جتنے کرنا چاہے کرتارہے اگر عمرہ کر بھی لے توبعض علماء کے نزدیک کوئی مضائقہ نہیں ۔ ہاں مناسک ِحج سے فراغت کے بعد متمتع ، قارِن ، مفرد ہر کوئی عمرہ کرسکتے ہیں یہ یاد رہے کہ ایامِ تشریق یعنی ۹،۱۰،۱۱، ۱۲ اور۱۳ ذوالحجہ ان پانچ دنوں میں عمرہ کرنا مکروہِ تحریمی ہے ۔ اگر عمرہ کیا تو دَم لازم آئے گا ۔(تنویر ، درمختار)
سُوال }… کھانا کھانے کے بعد مُحرِم صابن سے ہاتھ دھو سکتاہے یا نہیں؟
جواب }… چکناہٹ دُور کرنے کے لئے بغیر خوشبو کے صابن سے ہاتھ دھوسکتاہے اگر خوشبو دار صابن سے دھوئے اوردیکھنے والا اسے خوشبو ہی کہے اب اگروہ بتائے کہ زیادہ خوشبو لگی ہے تو دَم واجب ہوگا اورکم ہے توصدقہ۔
سُوال }… وُضو کے بعد مُحرِم کا رُومال سے ہاتھ پونچھنا کیسا ہے ؟
جوا ب}… منہ پر (اورمرد سر پر بھی ) کپڑا نہیں لگا سکتے جسم کا باقی حصّہ اتنی اِحتیاط کے ساتھ پونچھ سکتے ہیں کہ مَیل بھی نہ چھوٹے اوربال بھی نہ ٹوٹے ۔
سُوال }… مُحرِمہ اس طرح منہ پر کمانی دار نقاب ڈالے جو چہرے پر مَس نہ ہو اس کی اجازت ہے یا نہیں ؟
جواب }… اگر چہرے پر مَس نہیں ہوتا توڈال سکتی ہے تاہم اس میں بعض مسائل ضرور پیدا ہوسکتے ہیں ،مثلاً ہوا چلی یا غلطی ہی سے اپنا ہاتھ نقاب پر رکھ لیا جس کے سبب چاہے تھوڑی سی دیر کے لئے بھی اگر سارے چہرے پر نقاب لگ گیا تو صدقہ واجب ہوجائے گا۔
سُوال }… حَلْق کرواتے وقت مُحرِم سر پر صابن لگائے یا نہیں ؟
جواب }… خوشبو دار سابن نہ لگائے بلکہ بے خوشبو صابن بھی نہ لگائے کہ میل چھوٹے گا اورمیل چھڑانا اِحرام میںمکروہ ہے ۔
سُوال }… مُحرِم گھٹنوں میں منہ رکھ کر سو سکتاہے یا نہیں، کوئی جُرمانہ وغیرہ؟
جواب }… نہیں سوسکتا۔ کیونکہ لباس سے چہرے پر کپڑا لگے گا۔ کپڑے سے منہ چُھپانے پر جُرمانے کے مسائل گذشتہ پیغام پر بیان ہوئے ہیں ۔
سُوال }…ماہواری کی حالت میں عورت اِحرام کی نیت کرسکتی ہے یانہیں ؟
جواب }…کرسکتی ہے مگر اِحرام کے نفل ادا نہیں کرسکتی ۔ نیز طواف پاک ہونے کے بعد کرے۔
سُوال }… سِلائی والے چپل پہننا کیسا ہے ؟
جواب }… وسطِ قدم یعنی قدم کا اُبھرا ہوا حصّہ اگر نہ چھپائیں تو بِلا کراہت جائز ہیں۔
سُوال }… اِحرام میں گرہ لگانے کی اجازت ہے یا نہیں ؟
جواب }…مکروہ ہے ۔
سُوال }…عموماً حجاج احتیاطاً ایک ’’دم‘‘ دیتے ہیں یہ کیسا ؟ اگر بعد کو معلوم ہوا کہ واقعی ایک دم واجب ہوا تھا تووہ ’’دمِ احتیاطی‘‘ کافی ہوگا یا نہیں؟
جواب }… دَم واجب ہونے کے بعد دیا تھا تو کافی ہوجائے گا اوراگر پہلے دَم دے دیا اوراس کے بعد کسی عُمرے وغیرہ میں دَم واجب ہوا تو وہ گزشتہ دَم کافی نہ ہوگا۔
سُوال }… مُحرِم ناک یا کان کا مَیل نکال سکتاہے یا نہیں؟
جواب }…وضو میںناک صاف کرنا سنّت ہے بلکہ غسل میں اگر ناک میں رینٹھ سُوکھ گئی ہوتو چھڑا کر پانی بہانا فرض ہے لہٰذا احرام میں ناک صاف کرسکتے ہیں ۔اسی طرح پلکوں وغیرہ میں اگر آنکھ کی چیپڑ سُوکھ گئی ہے تواُسے وُضو میں چھڑا نا فرض ہے ۔ رہا کان کا مَیل نکالنا توچونکہ کان کے سُوراخ کے اندر پانی بہانا نہ وُضو میں ہے نہ غسل میں۔ لہٰذا اس کا حکم وہی ہوگا جو بدن کے میل کاہے ۔یعنی اس یا چھڑا نا مکروہ ہے ۔
سُوال }…کیا اپنے والدین کے نام پر جو حیات ہوں عمرہ کرسکتے ہیں یانہیں؟
جواب }… کرسکتے ہیں ۔فرض نماز، روزہ ، حج ،زکوٰۃہویا کوئی نفلی کام ہر قسم کا ثواب زندہ ، مُردہ سب کو ایصال کر سکتے ہیں بلکہ ہر نیک کام کا ثواب بلکہ روزانہ کی پانچوں نمازوں کا ثواب بھی روزانہ بارگاہِ حیات النبی ﷺمیں نَذر کرکے تمام اُمّت کو ایصال کرتے رہنا چاہیے ۔ اس طرح ہمارے ثواب میں کمی نہیں ہوتی بلکہ بڑھ جاتاہے ۔
سُوال }…اِحرام کی حالت میں جُوں مارنے کے کفارے بیان کریں؟
جواب}… اپنی جوں اپنے بدن یا کپڑے میں ماری یا پھینک دی تو ایک جوں ہوتو روٹی کاایک ٹکڑا اوردو یا تین ہوں تو ایک مٹھی اناج اوراس سے زیادہ میں صدقہ ۔جوئیں مارنے کے لئے سَر یا کپڑا دھویا یا دھوپ میں ڈالا جب بھی وہی کفارے ہیں جو مارنے میں ہیں۔ دوسرے نے اس کے کہنے پر اس کی جوں ماری جب بھی اس پر کفارہ ہے ۔ اگر چہ مارنے والا احرام میں نہ ہو ۔ زمین وغیرہ پر گری ہوئی جوں یا دوسرے کے بدن یا کپڑوں کی جوئیں مارنے میں مارنے والے پر کچھ نہیں اگر چہ وہ دوسرا بھی مُحرِم ہو۔