الفصل الثالث

تیسری فصل

حدیث نمبر 641

روایت ہے حضرت جابر ابن سمرہ سے فرماتےہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کھڑے ہوکر خطبہ پڑھتے تھے ۱؎ پھر بیٹھ جاتے تھے پھرکھڑے ہوتے تو کھڑے کھڑے خطبہ پڑھتے جوتمہیں خبردے کہ آپ بیٹھ کرخطبہ پڑھتے تھے وہ جھوٹا ہے خدا کی قسم میں نے تو آپ کے ساتھ دو ہزار نمازوں سے زیادہ نمازیں پڑھیں ۲؎(مسلم)

شرح

۱؎ ہرخطبہ کے لیئے کھڑا ہونا سنت ہے خواہ خطبہ جمعہ وعیدین ہویاخطبہ وعظ یاخطبہ نکاح۔جوشہر جہاد سے فتح ہوئے ہیں وہاں تلوار لےکر خطبہ پڑھے اور جوبخوشی مسلمان ہوگئے وہاں خالی ہاتھ پڑھے۔(مرقات)دوسرے خطبہ کی آواز پہلے خطبہ سے کچھ کم ہو۔

۲؎ یعنی نماز پنجگانہ اتنی پڑھیں نہ کہ نماز جمعہ کیونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے قریبًا پانچ سو جمعے پڑھے ہیں اس لیئے کہ جمعہ بعد ہجرت شروع ہوا جس کے بعد دس سال آپ کی زندگی شریف رہی،اس عرصہ میں جمعے اتنے ہی ہوتے ہیں۔(لمعات)