روزِ قیامت سب سے سخت عذاب
روزِ قیامت سب سے سخت عذاب
حضرت عبد اللہ ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے مروی ہے کہ رسولِ اکرمﷺ نے ارشاد فرمایا کہ قیامت کے روز سب سے سخت عذاب اس شخص کو دیا جائے گا جس نے کسی نبی کو قتل کیا ہو یا اسے کسی نبی نے قتل کیا ہو یا اس نے اپنے والدین میں سے کسی کو قتل کیا ہو اور تصویر بنانے والے کو اور ایسے عالم کو جو اپنے علم سے فائدہ نہ اٹھائے۔(رواہ البیہقی فی شعب الایمان )
میرے آقاﷺ کے پیارے دیوانو! کچھ قومیں ایسی گزریں ہیں جن کے دامن پر انبیاء کرام علیہم الصلوٰۃ والتسلیم کے قتل کا داغ لگا ہے جیسے یہود اور کچھ ایسے سرکش و باغی زمین پر گذرے ہیں جو انبیائے کرام علیہم الصلوٰۃ و السلام سے مقابلہ کے درپئے رہے ایسے لوگوں کو جنگ وغیرہ میں انبیائے کرام علیہم الصلوٰۃ و السلام نے قتل کیا ان کا ٹھکانہ تو جہنم ہے ہی لیکن ساتھ ہی ساتھ والدین کے قاتل کے حوالے سے سخت ترین عذاب کی وعید تاجدارِ کائنات انے سنا کر یہ واضح کردیا کہ انبیائے کرام علیہم الصلوٰۃ و السلام کو قتل کرنے والا کتنا جابر اور سخت دل ہوگا جب کہ انبیائے کرام علیہم الصلوٰۃ و السلام تو ان کو جنت کا راستہ اور سکون کی دولت دینے کے لئے تشریف لائے تھے۔ اسی طرح والدین بھی اولاد کے سکون کے لئے نہ جانے کتنی تکالیف اور پریشانیاں برداشت کرتے ہیں نیز ان کا مقصد اور ان کی خوشی بچے کو خوش دیکھنے میں ہوتی ہے لیکن ظالم بیٹا اگر والدین جیسے محسنین کا قاتل بن جائے تو رب قدیر بھی ایسے احسان فراموش کو سخت ترین عذاب میں گرفتا ر فرماکر اس کے جرم کا بدلہ عطا فرماتا ہے۔ لہٰذا میرے پیارے آقاﷺ کے پیارے دیوانو! خبردار کبھی ایسے بھیانک جرم کا تصور بھی نہ آنے پائے۔ رب قدیر سب کو اس قبیح جرم کے ارتکاب سے بچائے۔ آمین بجاہ النبی الکریم علیہ افضل الصلوۃ والتسلیم