🍽 دعوت فکر و عمل

✨ ہسپتال جتنے بھی جدید اور طبی سہولیات سے آراستہ ہوں ، دار العلاج ہیں، دار الشفاء نہیں ۔

ان میں موجود معالجین ، ان کی تدابیر ، تشخیص و علاج سب انسانی ہیں ، اور تشخیص و علاج پر ان معالجین کا باہمی اختلاف رائے اور ہر مریض کا شفاء یاب نہ ہونا کسی نہ کسی سقم و نقص کی نشاندہی کرتا ہے ۔

☀️ ان سب کے اور ساری کائنات کے خالق نے اپنے مقدس کلام میں 3 بار شفاء جسے قرار دیا ہے وہ قرآن مجید ہے اور قرآن مجید کی تلاوت کا سب سے زیادہ مساجد و مدارس میں ہونا مشاہدہ ہے ۔

🌲علاج گاہیں بنائیں ، لازمی طور پر بنائیں۔ ان کو اتنا عام کریں کہ عام انسان بھی علاج کروا سکے ۔ لیکن شفاخانے زیادہ بنانا بھی تو عقل کا تقاضا ہے ۔ دین کا تقاضا اور مطالبہ بھی ہے ، اس کو بھلے ایک طرف رکھ دیں ۔

💚 ارباب اقتدار و اختیار ، اصحاب ثروت ، اس نازک موقع پر انسانیت کا درد رکھنے والے ان شفاء خانوں مساجد و مدارس میں بھی آئیں ۔ ان کی renovation کریں ۔ حفاظتی تدابیر اور حفظان صحت کے مسلمہ معیارات بروئے کار لانے میں انتظامیہ کے ہاتھ بٹائیں ۔

یہاں کے میڈیکل سٹاف اور پیرا میڈیکل سٹاف اور داخل افراد کی صلاحیت کار بڑھائیں ۔ یہاں کے کسی سٹاف ممبر نے معمولی تنخواہ ہونے کے باوجود اپنی ڈیوٹی سے انکار نہیں کیا بلکہ وہ زیادہ کارکردگی پر تیار ہیں ۔ نئے وارڈوں اور بستروں کا اہتمام کریں ۔ شفاء بخش آلات ( مصاحف ، کتب تفسیر و حدیث و اذکار ، لٹریچر ) مہیا کریں ۔ صحت کے حوالے سے سیمینارز ( محافل تلاوت و توبہ و استغفار ) منعقد کرائیں ۔

یقین ہو تو کوئی راستہ نکلتا ہے

ہوا کی اوٹ بھی لے کر چراغ جلتا ہے

امید و یاس کی رت آتی جاتی رہتی ہے

مگر یقین کا موسم نہیں بدلتا ہے ۔

( منظور ہاشمی )

🤲اللہ تبارک و تعالی جہاد زندگانی کی شمشیر یقین محکم ہمیں عطاء فرمائے ۔۔امین آمین آمین یا رب العالمین ۔

الفقير إلى رحمة ربه الودود

خالد محمود

ادارہ معارف القرآن کشمیر کالونی کراچی

20 مارچ 2020