آئیےاس وباء کودور کریں
آئیےاس وباء کودور کریں
بسم اللہ الرحمن الرحیم وباء کو لوٹاتی ہے ۔
امام نووی نے لکھا ہے ۔
۔حضرت علی سے روایت ہے ۔ اللہ تبارک و تعالی کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ۔ یا علی ! کیا میں تمہیں ایسے کلمات نہ سکھا دوں کہ جب تم ورطہ ( ہلاکت ) میں ہو تو ان کو کہو ۔
میں نے کہا! ضرور، مجھے اللہ آپ پر فدا کر دے ۔
فرمایا ۔ بسم اللہ الرحمن الرحیم اور
ولا حول ولا قوة الا بالله العلي العظيم کہو ۔
اللہ ان کلمات سے انواع بلاء میں سے جو چاہے گا تم سے واپس کرتا جائے گا ۔
ابن السني نے اس حدیث کو روایت کیا ہے
الأذكار از امام نواوي
فقیر خالد محمود عرض گذار ہے کہ صبح و شام گھر کے تمام افراد حلقہ بنا کر اکٹھے بیٹھ جائیں اور 313 بار ان کلمات مبارکہ کو پڑھیں ۔ ایک فرد بھی پڑھ کر گھر میں چاروں طرف پھونک مار دیں ۔
پڑھنے کا مطلب ہے کہ اتنی آواز ہو کہ اپنے کانوں تک پہنچے ۔
اور
بسم الله الرحمن الرحيم اور لا حول ولا قوة الا بالله العلي العظيم
کو ملا کر پڑھنا ہے ۔
مراکز شفاء؟ ؟
أبو محمد طَلْحَةُ بْنُ مُصَرِّفٍ رحمه الله تعالى (المتوفي سنة 112 ھ ) جلیل القدر تابعی ، ومقرئ ، اور راوی حدیث ، شيخ الإسلام ، ہیں
فضيل بن غزوان کا بیان ہے کہ : طلحة بن مصرف کو کہا گیا :
اگر ان دنوں آپ غلہ خرید لیں تو نفع ہو گا ۔
جواب دیا ۔
مجھے یہ گوارا نہیں کہ میرے دل میں مسلمانوں کے متعلق کسی خیانت کا علم ہو ۔
برادران اسلام ! آپ کے اس بلند کردار اور میلان طبع کو آپ کے علم میں لانا مقصود ہے ۔ اللہ تبارک و تعالی ہمیں یہ مسلمانی نصیب فرمائے ۔۔
آپ کہتے ہیں کہ ہمارے ہاں یہ زبان زد عام تھا کہ مریض کے پاس قرآن مجید پڑھا جائے تو اس کے مرض میں تخفیف ہوتی ہے ۔
خَيْثَمَةَ بن عبد الرحمن مریض تھے ۔ ( یہ بھی جلیل القدر ،محدث ، تابعی ہیں ۔ ان کے والد اور دادا دونوں صحابی ہیں اور حدیث میں طلحہ کے شیخ بھی ہیں ) ۔ ایک دن میں تیمار داری کے لیئے حاضر ہوا تو میں نے کہا ۔ آج مجھے آپ بہتر نظر آ رہے ہیں ۔
جواب دیا
: إِنَّهُ قُرِئَ عِنْدِي الْقُرْآنُ”،
بات یہ ہے کہ میرے پاس آج قرآن پڑھا گیا ہے ۔
فقیر خالد محمود بصد محبت آپ سے عرض گذار ہے کہ اپنے گھروں کو تلاوت قرآن مجید کی برکت سے مرکز شفاء بنائیں
اور اس رحمت و برکت و شفاء کا تصور بھی کریں جو مساجد و مدارس میں برستی ہے جہاں اکثر اوقات قرآن مجید پڑھا پڑھایا جاتا ہے ۔
اور ان مراکز کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط سے مضبوط تر کرتے جائیں ۔
جناب طلحہ رحمہ اللہ کا یہ واقعہ بیھقی کی شعب الایمان ، ابن کثیر کی البدایہ اور ذھبی کی سیر میں موجود ہے ۔
نبوی علاج
حضرت واثلة بن الاسقع کہتے ہیں کہ ایک صاحب نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہو کر گلے کے درد کی شکایت کی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ۔
قرآن کواپنے پر لازم کرلو
📙 شعب الایمان بیھقی، تفسیر الدر المنثور
♤ حضرت ابو سعید الخدری رضى الله عنه راوی ہیں کہ ایک صاحب نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں سینہ میں درد کی شکایت کی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ۔
قرآن پڑھو کہ اللہ نے فرمایا ہے و شفاء لما فى الصدور
قرآن سینوں کی تمام بیماریوں کے لیئے شفاء ہے ۔۔
📙الدر المنثور ۔
فقیر خالد محمود کی گذارش ہے کہ ان دنوں میں اللہ تبارک و تعالی کے ساتھ لو لگائیں ۔ تلاوت قرآن مجید کر کے اس کے ساتھ باتیں کریں
بیماری سے حفاظت اور شفاء دونوں کے لیئے دم ۔
اس دم کی حقانیت، و عظمت و انفرادیت اسی سے سمجھ لیں کہ اللہ تبارک و تعالی کے محبوب و مقبول رسول صلى الله تبارك وتعالى عليه وعلى آله وصحبه و بارك و سلم کی طبیعت مبارک ناساز ہوئی تو جبریل علیہ السلام نے یہ دم کیا
اور اس وضاحت کی تو ضرورت ہی نہیں کہ جبریل اپنی مرضی سے کچھ کر ہی نہیں سکتے ۔ تو گویا اللہ تبارک و تعالی نے یہ دم بتایا ، جبریل علیہ السلام سے اپنے حبیب کو کروایا ۔
حدیث شریف کی شاید ہی کوئی کتاب ہو جس میں یہ دم نہ ہو ۔جِبْرِيل نبی صلى الله عليه وسلم کے پاس آئے اور کہا
: يَا مُحَمَّدُ اشْتَكَيْتَ؟
اے محمد آپ کو تکلیف ہے ؟
فرمایا :
نَعَمْ ( ہاں )
جبریل نے کہا ،
بِاسْمِ اللهِ أَرْقِيكَ، مِنْ كُلِّ شَيْءٍ يُؤْذِيكَ، مِنْ شَرِّ كُلِّ نَفْسٍ أَوْ عَيْنِ حَاسِدٍ، اللهُ يَشْفِيكَ بِاسْمِ اللهِ أَرْقِيكَ.
ترجمہ
اللہ کے نام کے ساتھ میں آپ کو جھاڑ رہا ہوں ہر اس شی سے جو آپ کو تکلیف دیتی ہے ( اس جملہ کی وسعت پر غور فرمائیں ۔ ہر اذیت رساں شی جاندار ہے یا بے جان سب کو جھاڑ دیا گیا ہے ۔ فقیر خالد محمود ) { اس کے بعد دو کثیر الوقوع سے خصوصی دم ہو رہا ہے } ہر سانس لینے والی شی کے شر سے( سبحان اللہ ۔ شر سے تو پناہ مانگی ۔، ان کی خیر سے نہیں ) اور ہر حاسد کی بری نظر سے ۔
اللہ آپ کو شفاء دے ۔ اللہ کے نام سے آپ کو دم کرتا ہوں ۔
گھر کے افراد اس کو یاد کر لیں اور ایک دوسرے کو کریں ۔
اس فقیر خالد محمود اور اس کے اہل خانہ کے لیئے دعاء خیر فرما دیں ۔
جزاکم اللہ تبارک و تعالی خیرا
✒ از قلم شیخ الحدیث و التفسیر حضرت مولانا مفتی خالد محمود صاحب مہتمم ادارہ معارف القران کشمیر کالونی کراچی خادم جامع مسجد حضرت سیدہ خدیجہ الکبری رضی اللہ تعالی عنہا مصطفی آباد پھالیہ منڈی روڈ منڈی بہاؤالدین