برائی کے بدلے بھلائی
برائی کے بدلے بھلائی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
حضرت حذیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا ان لوگوں میں سے نہ بنو جو کہتے ہیں کہ اگر لوگ ہمارے ساتھ بھلائی کریں گے تو ہم بھی بھلائی کریں گے اور اگر وہ ہم پر زیادتی کریں گے تو ہم بھی زیادتی کریں گے بلکہ تم اس بات کے عادی بنو کہ اگر لوگ تمہارے ساتھ بھلائی کریں تو تم بھلائی کرو اور اگر وہ تمہارے ساتھ زیادتی کریں تو تم زیادتی نہ کرو۔
میرے پیارے آقاﷺ کے پیارے دیوانو ! مذکورہ حدیث کی کچھ وضاحت کرنے کے بجائے بس ہم یہی دعا کریں کہ اللہ عزوجل اپنے پیارے محبوب ﷺ کے صدقہ و طفیل ہمیں ایسے لوگوں میں نہ بنائے جو بھلائی کریں تو ہی بھلائی کریں بلکہ ہم کو ان لوگو ں میں بنائے جو برائی کا بدلہ بھی بھلائی سے دیں۔
آمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْمِ عَلَیْہِ اَفْضَلُ الصَّلٰوۃِ وَ التَّسْلِیْمِ۔
حضرت عبادہ بن ثابت رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول پاکﷺ نے فرما یا میں تمہیں وہ باتیں نہ بتلائوں جن کے ذریعہ اللہ عزوجل درجات بلند فرماتا ہے صحابۂ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے عرض کیا ضرور بتلا ئیے اے اللہ کے رسول ﷺ! تو سرکار نے فرمایا جو تم سے اعراض کرے تم اسے درگذر کرو اور جو تم پر ظلم کرے تم اسے معاف کرواور تم کو محروم کرے تم اسے عطا کرو اور جو تم سے تعلقات ختم کرے تم اس سے تعلقات جوڑو۔
میرے پیارے آقا ﷺکے پیارے دیوانو ! کتنا احسان ہے میرے آقا ﷺ کا کہ درجات کی بلندی کا ذریعہ بھی بتا دیا اور وہ بھی اتنا آسان کہ ہر کو ئی اگر چاہے تو عمل کر سکتا ہے بس تھوڑی سی کوشش کرنی ہے پھر دیکھئے انشاء اللہ کرم ہی کرم ہوگا، اللہ عزوجل رحمت عالم ﷺ کے صدقہ وطفیل ہم سب کو مذکورہ باتوں پر عمل کا حوصلہ اور قوت عطا فرمائے۔ آمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْمِ عَلَیْہِ اَفْضَلُ الصَّلٰوۃِ وَ التَّسْلِیْمِ۔