لباس کا بیان
{لباس کا بیان}
حدیث شریف : سرکارِ اعظم ﷺنے فرمایا سب میں اچھے کپڑے جنہیں پہن کر تم اللہ کی زیارت قبروں اورمسجدوں میں کرو سفید ہیں یعنی سفید کپڑوں میںنماز پڑھنا اورمردے کفنانا اچھا ہے ۔(ابن ماجہ)
مسئلہ : تکّبرکی نیت سے اچھا لباس پہننا منع ہے۔
مسئلہ : مرد کو عورت کا اور عورتوں کو مردوں کا لباس پہننا نا جائز ہے ۔
{لباس سے متعلق مسائل }
مسئلہ : اتنا لباس جس سے سترِ عورت چُھپ جائے اور گرمی سردی کی تکلیف سے بچے فرض ہے اوراس سے زائد جس سے زینت مقصور ہواور یہ کہ جب کہ اللہ تعالیٰ نے دیا ہے تواس کی نعمت کا اظہار کیاجائے یہ مستحب ہے ۔
مسئلہ : عورتیں باریک لباس اورباریک دوپٹہ نہ اُوڑیں بلکہ لباس اورچادر اس قدر موٹی ہوکہ جسم نہ چھلکے ۔
مسئلہ : سنت یہ ہے کہ دامن کی لمبائی آدھی پنڈلی تک ہو اورآستین کی لمبائی زیادہ سے زیادہ انگلیوں کے پوروں تک اور چوڑائی ایک بالشت ہو۔ (ردالمختار)
مسئلہ : ریشم کے کپڑے مرد کے لئے حرام ہیں بدن اورکپڑوں کے درمیان کوئی دوسرا کپڑا حائل ہویانہ ہو دونوں صورتوں میں حرام ہیں اور جنگ کے موقع پر بھی نرم ریشم کے کپڑے حرام ہیں ہاں اگر تاناریشم ہو اور بانا سوت ہوتو ہر شخص کے لئے ہر موقع پر جائز ہے ۔ مجاہد اورغیرمجاہد دونوں پہن سکتے ہیں لڑائی کے موقع پرایسا کپڑا پہننا جس کا ریشم بانا ہو اس وقت جائز ہے جب کہ کپڑا موٹا ہو اوراگر باریک ہوتو ناجائز ہے کہ ا س کا جو فائدہ تھا اس صورت میں حاصل نہ ہوگا۔(ہدایہ ودرمختار)
مسئلہ : بعض قسم کے مخمل ایسی ہوتی ہے کہ ا س کے روئیں ریشم کے ہوتے ہیں اس کے پہننے کا بھی یہی حکم ہے اس کی ٹوپی ، صدری وغیرہ نہ پہنی جائے۔
مسئلہ: عورتوں کو ریشم پہننا جائز ہے اگر چہ خالص ریشم ہو اس سوت کی بالکل آمیزش نہ ہو۔ (عامہ کتب)
مرد کتنا ریشم استعمال کرسکتاہے }
مسئلہ : آستین یا گریبان یادامن کے کنارہ پر ریشم کا کام ہوتووہ بھی چار انگل تک ہی ہو۔ صدری یا جُبّہ کا ساز ریشم کا ہو تو چار انگل تک کا جائز ہے اورریشم کی گھنڈیاں بھی جائز ہیں ۔ ٹوپی کا طرہ بھی چار انگل کاجائز ہے ، پاجامہ کانیفہ بھی چار انگل تک کاجائز ہے اچکن یاجُبّہ میں شانوں اورپیٹھ پر ریشم کے پان یاکیری چارانگل تک کے جائز ہیں۔(ردالمختار)
مسئلہ : ٹوپی میں لیس لگائی گئی یا عمامہ میں گوٹا لچکا لگایا گیا اگر یہ چار انگل سے کم چوڑا ہے تو جائز ہے ورنہ نہیں۔
{سونے چاندی کا بٹن مرد کو کس طرح کاجائز ہے }
مسئلہ : سونے چاندی کے بٹن کُرتے یا اچکن میں لگانا جائز ہے جس طرح ریشم کی گھنڈی جائز ہے ۔
(درمختار) یعنی جب کہ بٹن بغیر زنجیر کے ہوں اوراگر زنجیر والے بٹن ہوں تو ان کا استعمال ناجائز ہے کہ یہ زنجیر زیور کے حکم میں ہے جس کا استعمال مرد کو ناجائز ہے ۔
مسئلہ : جس کے یہاں میّت ہوئی اُسے اظہار غم میں سیا ہ کپڑے پہننا ناجائز ہے ۔(عالمگیری)
مسئلہ: ایّامِ محرم میں یعنی یکم محرم سے بارہویں محرم تک تین قسم کے رنگ نہ پہنے جائیں کالا کپڑا کہ یہ شیعوں کا طریقہ ہے اورسبز کپڑا مبتدعین یعنی تعزیہ داروں کا طریقہ ہے اورسُرخ کہ یہ خارجیوں کا طریقہ ہے کہ وہ اظہارِمسّرت کے لئے سُرخ پہنتے ہیں۔ (بہار شریعت)