پڑوسی دامن گیر ہوں گے
sulemansubhani نے Friday، 9 April 2021 کو شائع کیا.
پڑوسی دامن گیر ہوں گے
حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہما نے فرمایا : ہم پر ایک ایسا زمانہ گزرا ہے کہ دینار و درہم کا سب سے زیادہ مستحق مسلمان بھائی کو سمجھا جاتا تھا پھر اب ایسا زمانہ آگیا کہ دینار ودرہم مسلمان بھائی سے زیادہ محبوب ہو گئے ہیں میں نے نبیٔ ﷺ کرم اسے سنا ہے کہ قیامت کے دن کتنے ہی پڑوسی ہوں گے جنھوں نے اپنے اپنے پڑوسیوں کو پکڑ رکھا ہوگا اور بارگا ہ خداوندی میں شکایت کرتے ہوئے عرض کریں گے کہ اے رب اس نے مجھے چھوڑ کر اپنادروازہ بند کر لیا تھا اور مجھے اپنے احسان و سلوک سے محروم رکھا تھا۔ (دُرِّ منثور )
اللہ اکبر ! میرے پیارے آقا ﷺ کے پیارے دیوانو! ایک زمانہ ایسابھی گزرا ہے کہ اس وقت سب سے زیادہ اہمیت مسلمان کی تھی، مسلمان کے درہم ودینار کی کوئی اہمیت نہ تھی لیکن اب تو دینار و درہم کے عوض میں مسلمان کی نہ جان و مال و آبرو کی اہمیت ہے نہ اس کا کوئی وقار بلکہ چند درہم و دینا ر کی خاطر مسلمان کی جان لینے سے بھی گریز نہیں کرتے۔ اللہ اپنے حفظ و امان میں رکھے اور صحیح سمجھ عطا کرے۔ اور ساتھ ہی ساتھ رسول گرامی وقار ﷺ کا لرزہ دینے والا ارشاد گرامی کہ قیامت کے ہولناک دن پڑوسی اپنے پڑوسی کو پکڑ رکھا ہوگا اور شکایت بارگا ہ صمدیت میں ہوگی کہ اے رب ! اس نے مجھے چھوڑ کر اپنا دروازہ بند کر لیا تھا اور مجھے اپنے احسان و سلوک سے محروم رکھا تھا۔ بتائو اس وقت رب کے حضور کیا جواب دوگے ؟ پڑوسی کے لئے دروازہ بند کرنے سے مراد یہ ہے کہ نہ ان کی خوشی کا خیا ل اور نہ ان کی مشکلات کی فکر اور نہ ان کا پرسانِ حال، بہت سخت ترین کیفیت ہوگی۔ خبردار ! پڑوسی سے حسن سلوک اور ان کی دیکھ بھال کرنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔ اگرپڑ وسی کا خیال رکھیں گے تو مولیٰ کے کرم کی بارشیں ہوں گی اور حصول ِرضا ء ِالٰہی کا ذریعہ بھی ہوگا۔ قیامت کے ہولناک عذاب سے بچنا ہو تو پڑو سیوں کے ساتھ ضرور حسن سلوک کرو۔ اللہ جلَّ شا نُہ ہم سب کوپڑوسی کے حقوق کی ادائیگی کی توفیق عطا فرمائے۔ آمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْمِ عَلَیْہِ اَفْضَلُ الصَّلٰوۃِ وَ التَّسْلِیْمِ
ٹیگز:-
پڑوسی , مولانا شاکر نوری صاحب , مولانا محمد شاکر نوری رضوی , مولانا شاکر نوری , مولانا محمد شاکر نوری , علامہ شاکر نوری , شاکر نوری