ملت کے نوجوانو! تم سے کچھ کہنا ہے!
sulemansubhani نے Monday، 19 April 2021 کو شائع کیا.
مبسملا وحامدا::ومصلیا و مسلما
ملت کے نوجوانو! تم سے کچھ کہنا ہے!
“گھٹاٹوپ تاریکیوں میں روشن ستارے بن جاؤ”
چند سالوں سے معاندین اسلام دنیا بھر میں اسلام کے خلاف ہرزہ سرائی اور بہتان تراشی کر رہے ہیں۔وہ میڈیا کی قوت کو استعمال کر کے غلط فہمی پھیلا رہے ہیں اور اسلام کی صورت کو بگاڑ کر اہل عالم کے سامنے پیش کر رہے ہیں۔
کبھی قرآن مقدس کو تنقیدوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔کبھی اسلام کے اصول و احکام پر انگشت نمائی کی جاتی ہے۔کبھی مسلم سلاطین کی تاریخ کو مسخ کر کے غیر مسلموں کو ورغلایا جاتا ہے۔کبھی مسلمانوں پر کچھ الزام لگا کر نفرت پھیلائی جاتی ہے۔
پچھلے سال بھارت میں مسلمانوں پر کورونا پھیلانے کا الزام لگایا گیااور ملک بھر میں مسلمانوں کو بدنام کیا گیا۔اس کے برے اثرات ملک بھر میں ظاہر ہوئے۔اہل بھارت نے یہی سمجھا کہ شاید مسلمانوں نے کورونا پھیلایا ہے۔غلط فہمی پھیلانے کا کچھ نہ کچھ اثر ضرور ہوتا ہے۔
اہل تعصب اپنے لوگوں کو اسلام کے خلاف اس قدر مشتعل کر دیتے ہیں کہ وہ موقع ملتے ہی مسلمانوں پر ٹوٹ پڑتے ہیں اور دم زدن میں جنگل کی آگ کی طرح مسلم آبادیوں کو خاکستر بنا دیتے ہیں۔کتنے مسلمان اپنی جان گنوا بیٹھتے ہیں۔کتنے بچے یتیم اور کتنی عورتوں کے سہاگ اجڑ جاتے ہیں۔کتنے بوڑھے ماں باپ اپنے آخری سہارا کو کھو بیٹھتے ہیں۔کتنی بہن بیٹیوں کی عصمت لٹ ہے۔نہ جانے کتنے مسلمانوں کے مکان و دکان اور جائیداد تباہ ہو جاتی ہے۔
اس کے ابتدائی سد باب کے لئے میں سوچتا ہوں کہ ہمارے بہت سے نوجوان ہندی لکھنا پڑھنا جانتے ہیں۔ان سے کچھ کام لیا جائے۔
ویدوں میں بھی حضور اقدس علیہ الصلوۃ والسلام کا ذکر ہے اور دیگر کتابوں میں بھی۔غیر مسلموں کے بہت سے تعلیم یافتگان نے اسلام,قرآن اور حضور اقدس تاجدار کائنات علیہ التحیۃ والثنا سے متعلق بہت عمدہ تاثرات پیش کئے ہیں۔
ان تاثرات و تحریرات کو ہندی زبان میں رقم کیا جائے اور سوشل میڈیا پر وائرل کیا جائے۔خاص کر بھارت کے غیر مسلموں تک پہنچانے کی کوشش ہو۔
واٹس ایپ,فیس بک,ٹیلی گرام,ویب سائٹس اور دیگر جدید ذرائع ابلاغ کے ذریعہ ہر طرف پھیلانے کی کوشش ہو۔ہندی اخبارات میں بھی چھپوانے کا راستہ بنایا جائے۔
ہندی لکھنے پڑھنے والے جو نوجوانان ملت اس پروگرام میں شریک ہونا چاہتے ہیں,وہ اپنا اسم شریف اور موبائل نمبر بھیج دیں۔
اس میں تین ٹیم ہو گی۔
1-قلم کاروں کی ٹیم
2-مواد جمع کرنے والوں کی ٹیم
3-زبان اور مواد کی تصحیح کرنے والوں کی ٹیم
قلمکاران و محررین کو ہفتہ میں ایک مختصر مضمون لکھنے کی ذمہ داری ہو گی۔
جو مخلصین اپنی خدمات پیش کرنا چاہتے ہیں۔وہ آگے آئیں۔
ع/ میں اکیلا ہی چلا ہوں جانب منزل مگر
دو تیر جوانوں کو لو کام جوانوں سے
کوے بھی نہیں ڈرتے بے تیر کمانوں سے
طارق انور مصباحی
جاری کردہ:19:اپریل 2021