{حلال و حرام جانوروں کا بیان}

کون سی چیزیں حلال اورکونسی حرام ہیں}

مسئلہ : کیلے والے جانور(بڑے نوک دار دانت والے ) جوکیلے سے شکار کرنا ہو حرام ہے جیسے شیر ، گیدڑ ، لومٹری ، بجو، کتّا وغیرہ کہ ان سب میںکیلے ہوتے ہیں اورشکار بھی کرتے ہیں ۔اُونٹ کے کیلا ہوتاہے مگر شکار نہیں کرتا لہٰذا وہ اس حکم میں نہیں۔(درمختار)

مسئلہ : پنجہ والا پرندہ جو پنجہ سے شکا ر کرتاہے حرام ہے جیسے شکرا، باز ، بہری ، چیل ، حشرات الارض حرام ہیں ۔ جیسے چوہا ، چھپکلی ، گرگٹ، گھونس ، سانپ ، بچھو، بر ، مچھر، پسو، کھٹمل ، مکھی ، کل ، مینڈک وغیرہا۔ (درمختار وردالمختار)

مسئلہ : گھریلو گدھا اورخچر حرام ہیں اورجنگلی گدھا جیسے گورخر کہتے ہیں حلا ل ہے گھوڑے کے متعلق روایتیں مختلف ہیں یہ آلۂ جہاد ہے اس کے کھانے میں تقلیل آلۂ جہاد ہوتی ہے لہٰذا یہ نہ کھایاجائے ۔(درمختار)

مسئلہ : گائے ، بھینس ، بکری، بھیڑ، ہرن ، نیل گائے، سانبھر، چیتل ، بارہ سنگھا، پاڑھا ،خرگوش حلال ہیں۔

مسئلہ : تیتر ، بٹیر ، مرغ ، کبوتر، ہریل ، مینا ، فاختہ ، چرخی ، بن مرغی ، کالک ، ہر قسم کی بط، بگلا ، سارس، کلنگ ، جانگھل ، قواری ، چہا، کیمر، گھونگھل ، دابل یہ سب حلال ہیں ۔

مسئلہ : کچھوا خشکی کا ہو یا پانی کا دونوں حرام ہیں غراب البقیع یعنی کوّا جو مُردار کھاتاہے حرام ہے اورمہو کا کہ یہ بھی کوے سے ملتا جلتا ایک جانور ہوتاہے حلال ہے ۔(درمختار وردالمختار)

{مچھلی اور جھینگے کے احکام ومسائل }

مسئلہ : پانی کے جانوروں میں صرف مچھلی حلال ہے جو مچھلی پانی میں مرکر تیر گئی یعنی جوبے مارے اپنے آپ مرکر پانی کی سطح پر اُلٹ گئی وہ حرام ہے مچھلی کو مارا اوروہ مرکر اُلٹی تیرنے لگی یہ حرام نہیں ۔(درمختار)

مسئلہ : ٹڈی بھی حلال ہے اورمچھلی اورٹڈی یہ دونوں بغیر ذبح حلال ہیں جیسا کہ حدیث شریف میں فرمایا کہ دومردے حلال ہیں مچھلی اورٹڈی۔

مسئلہ : جھینگے کے متعلق اختلاف ہے کہ یہ مچھلی ہے یانہیں اسی بناء پر اس کی حلّت وحُرمت میں بھی اختلاف ہے بظاہر اس کی صورت مچھلی کی سی نہیںمعلوم ہوتی بلکہ ایک قسم کا کیڑا معلوم ہوتاہے لہٰذا اُس سے بچنا چاہیے ۔

مسئلہ : چھوٹی مچھلیاں بغیر پیٹ کاٹے بھون لی گئیں ان کا کھانا حلال ہے ۔(ردالمختار)