نئے شیطان کی تلاش

تحریر: محمد اسمٰعیل بدایونی

شیطان کے چیلے دنیا بھر میں کسی نئے پادری یولوجیوس کی تلاش میں تھے ۔۔۔

اس دفعہ انہیں ہر ملک میں کوئی نہ کوئی نیا ملعون مل ہی گیا ۔۔۔اور شیطان کے چیلوں نے اپنا کھیل کھیلنا شروع کر دیا ۔۔۔

بس یہ آخری جنگ ہے ۔۔۔اس کے بعد نہ اسلام رہے گا نہ مسلمان رہیں گے ۔ابلیس نے قہقہہ لگاتے ہوئے کہا ۔

یہ لوگ خود کو مسلمان کہیں گے لبرل مسلمان ۔۔۔ سیکولر مسلمان ۔۔۔روشن خیال مسلمان ۔۔۔ آزاد خیال مسلمان۔ مگر ان میں کوئی مسلمان ہو گا نہیں ۔۔۔انہیں مسلمان ہونے پر شرمندگی محسوس ہو گی ۔

وہ کیوں ؟ باس ! اول جلول نے پوچھا ۔

کیوں کہ میرے چیلے اور ہمارے مددگار یہود و نصاریٰ اس سلسلے میں ہماری بھر پور مدد کریں گے ۔ یہ الائنس ہے، اتحاد ہے ان کا شیطان پورہ کے شیطانوں کے ساتھ ۔ اسلام دشمنی میں ہمارا اتحاد ہے۔ اسلام سے عداوت میں شیطان پورہ کے شیطان اور دنیا بھر کی باطل قوتیں ایک ساتھ ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

آج بھی ہاف ٹائم کے وقت عبد اللہ ، فیضان اور جنید لائبریری میں مس نائلہ کے پاس موجود تھے ۔

مس توہینِ رسالت کے معاملات تو دن بدن بڑھتے جا رہے ہیں ۔۔۔ گستاخانہ خاکے شائع کرنے والے چارلی ہیبڈو کے ساتھ یہودی و عیسائی حکمران ساتھ کھڑے ہیں، بلکہ ستم یہ ہے کہ بعض مسلمان حکمران بھی ان کے ساتھ موجود ہیں ۔ ایسا لگتا ہے کہ شیطان پورہ کے شیطانوں نے انہیں مکمل اپنے شکنجے میں جکڑ لیا ہے ۔۔۔عبد اللہ نے کہا ۔

ہاں! میرے بچو! ایسا ہی ہے ۔مس نائلہ نے دکھ سے کہا ۔

تو مس !نبی کریم ﷺ تو ایمان کی جان ہیں۔ اگر لوگوں کے دلوں سے نبی کریم ﷺ کی محبت ہی ختم ہو جائے، پھر کوئی مسلمان نام رکھ بھی لے تو مسلمان تو نہیں رہے گا ۔

ہاں بیٹا ! بالکل ایسا ہی ہے۔ اللہ کے محبوب ﷺ سے سب سے زیادہ محبت ہو نی چاہیے ورنہ تو وہ شخص مومن ہی نہیں ۔مس نائلہ نے کہا ۔ جیسا کہ قرآن نے بیان بھی کیا :

قُلْ اِنْ كَانَ اٰبَآؤُكُمْ وَ اَبْنَآؤُكُمْ وَ اِخْوَانُكُمْ وَ اَزْوَاجُكُمْ وَ عَشِیْرَتُكُمْ وَ اَمْوَالُ نِ قْتَرَفْتُمُوْهَا وَ تِجَارَةٌ تَخْشَوْنَ كَسَادَهَا وَ مَسٰكِنُ تَرْضَوْنَهَا اَحَبَّ اِلَیْكُمْ مِّنَ اللّٰهِ وَ رَسُوْلِهٖ وَ جِهَادٍ فِیْ سَبِیْلِهٖ فَتَرَبَّصُوْا حَتّٰى یَاْتِیَ اللّٰهُ بِاَمْرِهٖؕ وَ اللّٰهُ لَا یَهْدِی الْقَوْمَ الْفٰسِقِیْنَ ۠(۲۴)

تم فرماؤ اگر تمہارے باپ اور تمہارے بیٹے اور تمہارے بھائی اور تمہاری عورتیں اور تمہارا کنبہ اور تمہاری کمائی کے مال اور وہ سودا جس کے نقصان کا تمہیں ڈر ہے اور تمہارے پسند کے مکان یہ چیزیں اللہ اور اس کے رسول اور اس کی راہ میں لڑنے سے زیادہ پیاری ہوں تو راستہ دیکھو(انتظار کرو) یہاں تک کہ اللہ اپنا حکم لائے اور اللہ فاسقوں کو راہ نہیں دیتا۔

مس ! شیطان پورہ کے شیطان پوری کوشش کررہے ہیں کہ حضور ﷺ کی محبت مسلمانوں کے سینوں سے نکال دیں۔ کئی ایجنٹ بھی ہماری ہی صفوں میں شامل ہیں ۔

ہاں بیٹا ! لیکن وہ کامیاب نہیں ہو سکیں گے کیونکہ قرآن نے صاف صاف بیان کر دیا:

یُرِیْدُوْنَ اَنْ یُّطْفِـٴُـوْا نُوْرَ اللّٰهِ بِاَفْوَاهِهِمْ وَ یَاْبَى اللّٰهُ اِلَّا اَنْ یُّتِمَّ نُوْرَهٗ وَ لَوْ كَرِهَ الْكٰفِرُوْنَ ۔ هُوَ الَّذِیْ اَرْسَلَ رَسُوْلَهٗ بِالْهُدٰى وَ دِیْنِ الْحَقِّ لِیُظْهِرَهٗ عَلَى الدِّیْنِ كُلِّهٖ ۙ وَ لَوْ كَرِهَ الْمُشْرِكُوْنَ۔

چاہتے ہیں کہ اللہ کا نور اپنے منہ سے بجھا دیں اور اللہ نہ مانے گا مگر اپنے نور کا پورا کرنا پڑے(اگرچہ)برا مانیں کافروہی ہے جس نے اپنا رسول ہدایت اور سچے دین کے ساتھ بھیجا کہ اسے سب دینوں پر غالب کرے پڑے برا مانیں مشرک۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

شیطان پورہ میں جشن اپنے پورے عروج پر تھا ۔ ابلیس نے شیطان پورہ کے سارے ڈی جے بلائے ہوئے تھے اور شیطانوں کے ہاں میوزک تو لازمی ہی ہوتا ہے ۔۔۔پورے شیطان پورہ میں گانے بجائے جا رہے تھے ۔ ویسے بھی رات کو میوزک کنسرٹ تھا۔ سارے کے سارے شیطان خوشی سے پاگل ہورہے تھے ۔

رات کو جب میوزک پارٹی شروع ہو ئی تو شیطان نے پر زور خطاب کرتے ہوئے شیطانوں سے کہا :

اے گروہ شیاطین !

ہم اب آخری جنگ لڑنے جا رہے ہیں ،اسلام صفحہ ہستی سے مٹنے جا رہاہے ۔۔۔

باس کا دماغ کہیں سٹھیا تو نہیں گیا ۔۔۔۔فتوری چڑیل نے کھوسٹ شیطان کے کان میں سرگوشی کرتے ہوئے کہا۔

لگتاتو یہی ہے ۔۔۔ایک منٹ میں باس سے پوچھتا ہوں ۔۔۔کھوسٹ شیطان نے فتوری چڑیل سے کہا ۔

با س !با س! باس ! ایک تو اس میوزک میں کھوسٹ شیطان کی آواز شیطان تک نہیں جا رہی تھی، آخر ایک ڈی جے سے مائیک لے کر کھوسٹ شیطان نے زور سے مائیک پر کہا : باااااااس!

ایک دم سناٹا چھا گیا۔۔۔ میوزک تھم گیا ۔۔۔سب مڑ مڑ کر کھوسٹ شیطان کو دیکھنے لگے کہ ہوا کیا ہے ؟

ہاں بولو! شیطان نے کہا ۔

باس ! تم کہیں خوش فہمی کا شکار تو نہیں ہو گئے ؟ جب سے تم کو اللہ تعالیٰ نے جنت سے نکالا ہے تم اسلام دشمنی میں اسی دن سے اندھے ہو۔ تمہاری کوئی صبح اور شام اسلام دشمنی کے بغیر نہیں ہو تی لیکن تم آج تک اسلام کو ختم نہیں کر سکے ۔ کھوسٹ شیطان نے کہا۔

اتنی سچ بات پر شیطان کو غصہ تو بہت آیا کھوسٹ شیطان پر، کہ اُس نے بھری محفل میں اسے ذلیل کرکے رکھ دیا ۔۔۔۔سب شیطانوں نے آپس میں چہ میگوئیاں شروع کر دیں ۔

لیکن مرتا کیا نہ کرتا، سارا میڈیا آیا ہوا تھا، سب کے سامنے رسوائی ہوتی۔ گو کہ میڈیا دکھاتا وہی ہے جو شیطان اجازت دیتا ہے ۔آدھا سچ اور آدھا جھوٹ ۔۔

کھوسٹ شیطان کے علاوہ کسی اور کو بھی کچھ پوچھنا ہے ۔۔۔شیطان مائیک پر غصے سے کہا۔

پورے ہال میں دوبارہ سناٹا چھا گیا ۔

سنو ! احمق شیطانو! سُنو ! میں تمہیں بتاتا ہوں ۔

ابھی چند سال پہلے ہماری صدیوں کی سازشوں کو نیکستان کے ایک شاعر نے یوں بیان کیا تھا ۔

واہ واہ ! کھوسٹ شیطان نے داد دی تو شیطان نے گھور کر کھوسٹ شیطان کو دیکھا اور کہا : پہلے شعر تو سُن لو، داددینی ہے یا نہیں ۔۔۔

عجیب پاگل شیطان ہیں یہ سب ۔۔۔ابلیس لعین نے بڑبڑاتے ہوئے کہا ۔

ارے شیطانو ں کے شیطان ! تم بتارہے تھے نیکستان کے شاعر نے کوئی شعر کہا تھا۔

ہاں ہاں ! وہی بتا رہا تھا ۔

باس !شاعر کا نام تو بتادو ۔۔۔فتوری چڑیل نے کہا۔

شاعر کا نام !!! ارے کیا تھا شاعر کا نام !!! ہاں یاد آیا، شاعر کا نام ہے اقبال ،نیکستان کے لوگ اسے علامہ اقبال کہتے ہیں ۔اس نے برسوں پہلے ایک شعر کہا تھا :

یہ فاقہ کش جو موت سے ڈرتا نہیں ذرا

روح ِ محمد(ﷺ )اس کے بدن سے نکال دو

اصل ایمان کی روح اللہ کے نبی( ﷺ) کی محبت ہے اور شیطان پورہ کے شیطانوں کا مشن یہ ہے کہ یہ محبت نیکستان کے لوگوں کے سینوں سے نکل جائے اور آج ہم جشن بھی اسی لیے منا رہے ہیں کہ دنیا بھر میں شیطان پورہ کے شیطان پیغمبر اسلام( ﷺ )کے گستاخانہ خاکے بنا رہے ہیں اور نیکستان کے لوگ کچھ کر نہیں پا رہے ۔۔۔آج ہم ان کی بے بسی کا جشن منا رہے ہیں ۔

میوزک ۔۔۔شیطان نے زور سے کہا اور میوزک دوبارہ بجنے لگا۔ شیطان اور شیطان کے چیلے دوبارہ ڈانس میں مشغول ہو گئے ۔

مجھے لگتا ہے عبد اللہ اور اس کے دوست نیکستان میں شیطان پورہ کے شیطانوں کو شکست دینے کے لیے کوئی نہ کوئی منصوبہ بنا رہے ہوں گے ۔ فتوری چڑیل نے کہا ۔

چلو پھر! ذرا نیکستان کی خبر لے کر آتے ہیں ۔اول جلول نے کہا ۔

باقی کل ان شاء اللہ

تربیت آپ کے بچوں کی بنیادی ضرورت ہے سنہری فہم القرآن اور سنہری صحاح ستہ اس ضرورت کو پوری کرتی ہے آج ہی یہ کتابیں منگوائیے

فری ہوم ڈیلیوری ابھی آرڈر کیجیے03082462723 فہیم بھائی