هٰذَا فَوۡجٌ مُّقۡتَحِمٌ مَّعَكُمۡۚ لَا مَرۡحَبًۢـا بِهِمۡؕ اِنَّهُمۡ صَالُوا النَّارِ ۞- سورۃ نمبر 38 ص آیت نمبر 59
أَعـوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْـطانِ الرَّجيـم
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
هٰذَا فَوۡجٌ مُّقۡتَحِمٌ مَّعَكُمۡۚ لَا مَرۡحَبًۢـا بِهِمۡؕ اِنَّهُمۡ صَالُوا النَّارِ ۞
ترجمہ:
(وہ دیگر دوزخیوں کو دیکھ کر کہیں گے) یہ ایک اور گروہ ہے جو تمہارے ساتھ داخل ہورہا ہے، ان کو خوش آمدید نہ ہو، بیشک یہ دوزخ میں داخل ہونے والے ہیں
دوزخ میں کافروں کے سرداروں اور پیروکاروں کا مناظرہ
ص ٓ: ٥٩ میں فرمایا : ”(وہ دیگر دوزخیوں کو دیکھ کر کہیں گے :) یہ ایک اور گروہ ہے جو تمہارے ساتھ داخل ہورہا ہے، ان کو خوش آمدید نہ کہو، بیشک یہ دوزخ میں داخل ہونے والے ہیں “
اللہ تعالیٰ فرمائے گا : اے سرکشو ! یہ تمہارے عقیدہ کا ایک اور گروہ ہے جو تمہارے بعد دوزخ میں داخل ہورہا ہے، جو کافر پہلے دوزخ میں داخل ہوچکے تھے وہ بعد والے کافروں کو دیکھ کر کہیں گے : تم کو مرحبا اور خوش آمدید نہ ہو۔ ابن زید نے اس کی تفسیر میں کہا : فوج سے مراد وہ قوم ہے جو گروہ درگروہ داخل ہوتی ہے، اس کی نظیر یہ آیت ہے :
قال اد خلوا فی امم قد خلت من قبلکم من الجن والانس فی النار ط کلما دخلت امۃ لعنت اختھا ط حتی اذا ادارکوا فیھا جمعیا لا قالت اخرھم لاولھم ربنا ھٓئولاء اضلونا فاتہم عذابا ضعفا من النار ط قال لکل ضعف ولکن لا تعلمون الاعراف : ٣٨)
اللہ تعالیٰ فرمائے گا : تم سے پہلے جنات اور انسانوں میں سے جو فرقے پہلے دوزخ میں داخل ہوچکے ہیں ان کے ساتھ تم بھی دوزخ میں داخل ہوجائو، جب بھی کوئی گروہ دوزخ میں داخل ہوگا وہ اپنی مثل دوسرے گروہ کو لعنت کرے گا، حتیٰ کہ جب اس میں سب جمع ہوجائیں گے تو بعد والے پہلے والے لوگوں کے متعلق کہیں گے اے ہمارے رب ! ان ہی لوگوں نے ہم کو گمراہ کیا تھا سو تو ان کو دوزخ کا دگنا عذاب دے۔ اللہ تعالیٰ فرمائے گا : سب ہی کا دگنا عذاب ہے لیکن تم کو علم نہیں ہے۔
القرآن – سورۃ نمبر 38 ص آیت نمبر 59