أَعـوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْـطانِ الرَّجيـم

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

قُلِ اللّٰهَ اَعۡبُدُ مُخۡلِصًا لَّهٗ دِيۡنِىۙ ۞

ترجمہ:

آپ کہیے : میں صرف اللہ ہی کی عبادت کرتا ہوں، اسی کی اخلاص کے ساتھ اطاعت کرتے ہوئے

الزمر : ١٤ میں فرمایا : ” آپ کہیے کہ میں صرف اللہ ہی کی عبادت کرتا ہو، اسی کی اخلاص کے ساتھ اطاعت کرتے ہوئے “ الزمر : ١١ میں بھی فرمایا تھا : ” آپ کہیے کہ مجھے یہ حکم دیا گیا تھا کہ میں اللہ کی عبادت کروں، اسی کی اخلاص کے ساتھ اطاعت کرتے ہوئے “ اور الزمر : ١٤ میں بھی یہی فرمایا ہے اور یہ تکرار ہے، اس کا جواب یہ ہے کہ یہ تکرار نہیں ہے، کیونکہ الزمر : ١١ میں یہ بتایا ہے کہ آپ کو اخلاص کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی عبادت کرنے کا حکم دیا ہے اور الزمر : ١٤ میں یہ بتایا ہے کہ آپ اللہ تعالیٰ کے اس حکم پر عمل کررہے ہیں۔ تکرار نہ ہونے کی دوسری وجہ یہ ہے کہ الزمر : ١١ میں یہ بتایا ہے کہ آپ کو اللہ کی عبادت کرنے کا حکم دیا ہے اور اس میں حصر اور تخصیص نہیں ہے اور الزمر : ١٤ میں فرمایا ہے : ” اللہ اعبد “ مفعول کو فعل پر مقدم کیا ہے اور اس سے حصر اور تخصیص حاصل ہوتی ہے اور اس کا معنی ہے : میں اللہ ہی کی عبادت کرتا ہوں اور ان دونوں آیتوں کے معنی میں واضح فرق ہے اور اب بالکل تکرار نہیں ہے۔

القرآن – سورۃ نمبر 39 الزمر آیت نمبر 14