أَعـوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْـطانِ الرَّجيـم

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

لَوۡ اَرَادَ اللّٰهُ اَنۡ يَّـتَّخِذَ وَلَدًا لَّاصۡطَفٰى مِمَّا يَخۡلُقُ مَا يَشَآءُ‌ ۙ سُبۡحٰنَهٗ‌ ؕ هُوَ اللّٰهُ الۡوَاحِدُ الۡقَهَّارُ‏ ۞

ترجمہ:

اگر اللہ اولاد بنانا چاہتا تو اپنی مخلوق میں سے جس کو چاہتا چن لیتا، وہ پاک ہے، واحد ہے، سب پر غالب ہے

اس کے بعد فرمایا :” اگر اللہ اولاد بنانا چاہتا تو اپنی مخلوق میں سے جس کو چاہتا چن لیتا، وہ پاک ہے، واحد ہے، سب پر غالب ہے “ (الزمر : ٤)

اللہ تعالیٰ کی اولاد نہ ہونے پر دلائل

اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے اس پر دلیل قائم کی ہے کہ اس کی اولاد کا ہونا محال ہے، پہلے یہ فرمایا کہ اگر وہ اولاد بنانا چاہتا تو جس کو چاہتا چن لیتا تو اے مشرکو ! پھر تم یہ تخصیص کیوں کرتے ہو کہ عزیز اس کا بیٹا ہے یا عیسیٰ اس کا بیٹا ہے یا فرشتے اس کی بیٹیاں ہیں اور اس میں دوسرا اشارہ یہ ہے کہ اگر وہ اپنی اولاد بناتا تو سب سے افضل اور اکمل نوع کی اولادبناتا اور بیٹیوں کی بہ نسبت بیٹے افضل اور اکمل نوع کے ہیں تو اگر اس نے اولادبنانی ہوتی تو بیٹوں کو اولاد بناتا تم بیٹیوں کی اس کی طرف نسبت کرتے ہو ؟ پھر اللہ تعالیٰ نے واحد قہار فرما کر اس دلیل کی طرف اشارہ فرمایا، اس کی اولاد کا ہونا محال ہے۔ اس دلیل کی ایک تقریر یہ ہے کہ اگر اس کی اولاد فرض کی جائے تو پھر یہ ماننا پڑے گا کہ اس سے ایک جز منفصل ہوا، پھر اس جڑ سے اس کی مساوی صورت بن گئی اور اس سے لازم آئے گا کہ اللہ تعالیٰ کے اجزاء ہوں اور جس کے اجزاء ہوں وہ اپنے اجزاء کی طرف محتاج ہوتا ہے اور جس کے اجزاء ہوں وہ واحد حقیقی نہیں ہوتا اور جو محتاج ہو وہ قہار نہیں ہوتا، پس اللہ تعالیٰ کا واحد اور قہار ہونا اس کا تقاضا کرتا ہے کہ اس کی اولاد محال ہو۔ دوسری دلیل یہ ہے کہ اولاد کی جنس سے ہوتی ہے، اللہ تعالیٰ کا وجود واجب اور قدیم ہے، پس لازم آئے گا کہ اس کی اولاد بھی واجب اور قدیم ہوا اور متعدد واجب اور قدیم نہیں ہوسکتے۔ کیونکہ جب والد اور اولاد دونوں واجب اور قدیم ہیں تو ان میں کوئی ایسا جز ضرور ہوتا جس سے وہ دونوں ایک دوسرے سے ممتاز ہوں اور کہا جاسکے : یہ والد ہے اور یہ ولد ہے، پھر ان میں سے ہر ایک دو جزئوں سے مرکب ہوگا اور جو مرکب ہوگا وہ اپنے اجزاء کا محتاج ہوگا اور یہ اس کے واحد اور قہار ہونے کے منافی ہے، پس واضح ہوا کہ اللہ تعالیٰ جب واحد اور قہار ہے تو اس کی اولاد نہیں ہوسکتی۔

القرآن – سورۃ نمبر 39 الزمر آیت نمبر 4