اَفَلَمۡ يَسِيۡرُوۡا فِى الۡاَرۡضِ فَيَنۡظُرُوۡا كَيۡفَ كَانَ عَاقِبَةُ الَّذِيۡنَ مِنۡ قَبۡلِهِمۡؕ كَانُوۡۤا اَكۡثَرَ مِنۡهُمۡ وَاَشَدَّ قُوَّةً وَّ اٰثَارًا فِى الۡاَرۡضِ فَمَاۤ اَغۡنٰى عَنۡهُمۡ مَّا كَانُوۡا يَكۡسِبُوۡنَ ۞- سورۃ نمبر 40 غافر آیت نمبر 82
أَعـوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْـطانِ الرَّجيـم
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَفَلَمۡ يَسِيۡرُوۡا فِى الۡاَرۡضِ فَيَنۡظُرُوۡا كَيۡفَ كَانَ عَاقِبَةُ الَّذِيۡنَ مِنۡ قَبۡلِهِمۡؕ كَانُوۡۤا اَكۡثَرَ مِنۡهُمۡ وَاَشَدَّ قُوَّةً وَّ اٰثَارًا فِى الۡاَرۡضِ فَمَاۤ اَغۡنٰى عَنۡهُمۡ مَّا كَانُوۡا يَكۡسِبُوۡنَ ۞
ترجمہ:
کیا پس انہوں نے زمین میں سفر نہیں کیا کہ وہ دیکھتے ان سے پہلے لوگوں کا کیسا انجام ہوا، جو ان سے تعداد میں زیادہ تھے اور قوت میں بھی بہت سخت تھے اور ان کی زمین میں یادگاریں بھی بہت تھیں، پس ان کے کارناموں نے انہیں کوئی فائدہ نہ پہنچایا
تفسیر:
اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے :
کیا پس انہوں نے زمین میں سفر نہیں کیا کہ وہ دیکھتے ان سے پہلے لوگوں کا کیسا انجام ہوا، جو ان سے تعداد میں زیادہ تھے اور قوت میں بھی بہت سخت تھے اور ان کی زمین میں یادگاریں بھی بہت تھیں، پس ان کے کارناموں نے انہیں کوئی فائدہ نہ پہنچایا پس جب ان کے پاس ان کے رسول واضح دلائل لے کر آئے تو وہ اس علم پر اترانے لگے جو ان کے پاس تھا اور اس عذاب نے انہیں گھیر لیا جس کا وہ مذاق اڑاتے تھے پھر جب انہوں نے ہمارا عذاب دیکھ لیا تو کہتے لگے : ہم اللہ پر ایمان لائے جو واحد ہے اور اب ہم ان کو انکار کرتے ہیں جن کو ہم اس کا شریک قرار دیتے تھے پس ان کے ایمان نے ان کو اس وقت کوئی فائدہ نہیں پہنچایا جب انہوں نے ہمارا عذاب دیکھ لیا، یہ اللہ کا اس کے بندوں میں قدیم دستور ہے اور اس وقت کافر بہت نقصان میں رہے (المومن : 82-85)
کفار مکہ کو عبرت حاصل کرنے کی نصیحت
یعنی جب کفار مکہ سفر کرتے ہیں اور مکہ سے شام یا یمن کی طرف جاتے ہیں تو وہ پچھلی امتوں مثلاً عاد اور ثمود کی بربادی کے آثار اور ان کے کھنڈرات وغیرہ دیکھتے ہیں تو کیا وہ اس سے عبرت حاصل نہیں کرتے، ان لوگوں کے پاس بہت مال تھا، ان کی اولاد بھی بہت زیادہ تھی، بڑے بڑے لشکر تھے اور بلندوبالا عمارتیں تھیں، لیکن جب ان کے کفر اور شرک اور رسولوں کی تکذیب کی وجہ سے ان کے اوپر عذاب آیا تو ان میں سے کوئی چیز ان کو اللہ تعالیٰ کے عذاب سے نہ بچا سکی۔
تبیان القرآن – سورۃ نمبر 40 غافر آیت نمبر 82