فَاِنۡ يَّصۡبِرُوۡا فَالنَّارُ مَثۡوًى لَّهُمۡؕ وَاِنۡ يَّسۡتَعۡتِبُوۡا فَمَاهُمۡ مِّنَ الۡمُعۡتَبِيۡنَ ۞- سورۃ نمبر 41 فصلت آیت نمبر 24
أَعـوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْـطانِ الرَّجيـم
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
فَاِنۡ يَّصۡبِرُوۡا فَالنَّارُ مَثۡوًى لَّهُمۡؕ وَاِنۡ يَّسۡتَعۡتِبُوۡا فَمَا هُمۡ مِّنَ الۡمُعۡتَبِيۡنَ ۞
ترجمہ:
اب اگر یہ صبر کریں تب بھی ان کا ٹھکانہ دوزخ ہی ہے اور اگر وہ اللہ کی ناراضگی دور کرنے کو طلب کریں تب بھی وہ ان لوگوں میں سے نہیں ہوں گے جن سے ناراضگی دور کی جائے گی
حٰم ٓ السجدۃ : ٢٤ میں فرمایا : ” اب اگر یہ صبر کریں تب بھی ان کا ٹھکانہ دوزخ ہی ہے اور اگر وہ اللہ کی ناراضگی دور کرنے کو طلب کریں تب بھی وہ ان لوگوں میں سے نہیں ہوں گے جن سے ناراضگی دور کی جائے گی “۔
عتاب کا معنی اور دوزخ میں کفار کے عذاب کا لزوم
اس آیت میں ” یستعتبوا “ اور ” معتبین “ کے الفاظ ہیں، ان کا مادہ عتب ہے، عتب کے معنی ہیں : ناراض ہونا، عتبہ دراصل اس جگہ کو کہتے ہیں جہاں اترنے والے کو کچھ دکھ اور چھبن ہو، اسی لیے سیڑھی اور چوکھٹ کو عتبہ کہا جاتا ہے اور جب یہ باب افعال سے ہو تو اس میں ہمزہ سلب ماخذ کے لیے ہوتا ہے اور اس کا معنی ہوتا ہے : ناراضگی اور عتاب دور کرنا، یعنی منانا اور معتبین باب افعال کا اسم مفعول ہے اور ” فماھم من المعتبین “ کا معنی ہے : وہ ان لوگوں سے نہیں ہوں گے جن سے ناراضگی دور کی جائے گی اور اگر یہ باب استفعال سے ہو تو اس کا معنی ہوگا : ناراضگی کے ازالہ کو طلب کرنا۔ (المفردات ج ٢ ص ٤١٧، مکتبہ نزار مصطفی، مکہ مکرمہ، ١٤١٨ ھ)
اگر یہ دوزخ کے عذاب اور تکلیف کو ضبط کرلیں اور اس پر بےچینی اور اضطراب کا اظہار نہ کریں اور درد کی شدت سے آء وبکار اور فریاد نہ کریں تب بھی ان کا ٹھکانہ وہی دوزخ کی آگ ہے اور اگر یہ اس عذاب کے ازالہ کے لیے اللہ تعالیٰ کے سامنے اپنے شرک اور کفر پر عذر پیش کریں اور اللہ تعالیٰ کی ناراضگی کے ازالہ کی کوشش کریں تو ان کی یہ کوشش رائیگاں جائے گی اور اللہ تعالیٰ ان سے راضی نہیں ہوگا سو ان سے عذاب دور نہیں کیا جائے گا، پس ان کا صبر کرنا اور بےصبری کا اظہار کرنا برابر ہے اس کی نظیر یہ آیت ہے، دوزخ میں کفاریہ کہیں گے :
سواء علینا اجزعنا امصبرنا مالنا من محیص (ابراہیم :21) ہمارے لیے برابر خواہ ہم بےقراری کا اظہار کریں یا صبر کریں، ہمارے لیے عذاب سے نجات کی کوئی سبیل نہیں ہے۔
القرآن – سورۃ نمبر 41 فصلت آیت نمبر 24