أَعـوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْـطانِ الرَّجيـم

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

لَهٗ مَا فِى السَّمٰوٰتِ وَمَا فِى الۡاَرۡضِ‌ؕ وَهُوَ الۡعَلِىُّ الۡعَظِيۡمُ ۞

ترجمہ:

اسی کی ملکیت میں ہے جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو کچھ زمینوں میں ہے اور وہ بہت بلند اور بہت عظیم ہے

اللہ تعالیٰ علی الاطلاق عظیم اور بلند ہے

الشوریٰ : ٤ میں فرمایا : ” اسی کی ملکیت میں ہے جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو کچھ زمینوں میں ہے اور وہ بہت بلند اور بہت عظیم ہے “۔ آسمانوں اور زمینوں میں جس قدر مخلوق ہے، سب کا اللہ تعالیٰ ہی خالق ہے اور وہی سب کا مالک ہے اور ہر ظاہر اور ہر خقی چیز کا عالم ہے اور وہ بہت بلند ہے یعنی لوگوں کے ادراک اور ان کی عقل اور فہم سے وہ بہت بلند ہے، کیونکہ کسی کی ذات اس کی ذات کی مثل ہے اور نہ کسی کی کوئی صفت اس کی صفات کی مثل ہے اور نہ کسی کا نام اس کے نام کی مثل ہے اور نہ کسی کا کوئی فعل اس کے افعال کی مثل ہے۔

نیز فرمایا : کہ وہ عظیم ہے کیونکہ اس کے ذکر کے سامنے ہر چیز کا ذکر صغیر ہے، نبی اپنی امت میں عظیم ہوتا ہے اور شیخ اپنے مریدوں میں عظیم ہوتا ہے اور استاذ اپنے شاگردوں میں عظیم ہوتا ہے اور عظیم مطلق صرف اللہ عزوجل کی ذات ہے، اس کائنات میں ہر چیز کی عظمت اور بلندی اضافی ہے اور اللہ تعالیٰ ہر چیز سے علی الاطلاق عظیم اور بلند ہے۔

القرآن – سورۃ نمبر 42 الشورى آیت نمبر 4