کنزالایمان مع خزائن العرفان پارہ 19 رکوع 11 سورہ الشعراء آیت نمبر 123 تا 140
كَذَّبَتْ عَادُ اﰳلْمُرْسَلِیْنَۚۖ(۱۲۳)
عاد نے رسولوں کو جھٹلایا (ف۱۱۸)
(ف118)
عاد ایک قبیلہ ہے اور در اصل یہ ایک شخص کا نام ہے جس کی اولاد سے یہ قبیلہ ہے ۔
اِذْ قَالَ لَهُمْ اَخُوْهُمْ هُوْدٌ اَلَا تَتَّقُوْنَۚ(۱۲۴)
جب کہ اُن سے اُن کے ہم قوم ہود نے فرمایا کیا تم ڈرتے نہیں
اِنِّیْ لَكُمْ رَسُوْلٌ اَمِیْنٌۙ(۱۲۵)
بےشک میں تمہارے لیے اللہ کا امانت دار رسول ہوں
فَاتَّقُوا اللّٰهَ وَ اَطِیْعُوْنِۚ(۱۲۶)
تو اللہ سے ڈرو (ف۱۱۹) اور میرا حکم مانو
(ف119)
اور میری تکذیب نہ کرو ۔
وَ مَاۤ اَسْــٴَـلُكُمْ عَلَیْهِ مِنْ اَجْرٍۚ-اِنْ اَجْرِیَ اِلَّا عَلٰى رَبِّ الْعٰلَمِیْنَؕ(۱۲۷)
اور میں تم سے اس پر کچھ اجرت نہیں مانگتا میرا اجر تو اسی پر ہے جو سارے جہان کا رب
اَتَبْنُوْنَ بِكُلِّ رِیْعٍ اٰیَةً تَعْبَثُوْنَ(۱۲۸)
کیا ہر بلندی پر ایک نشان بناتے ہو راہ گیروں سے ہنسنے کو(ف۱۲۰)
(ف120)
کہ اس پر چڑھ کر گزرنے والوں سے تمسخُر کرو اور یہ اس قوم کا معمول تھا انہوں نے سرِ راہ بلند بِنائیں بنا لی تھیں وہاں بیٹھ کر راہ چلنے والوں کو پریشان کرتے اور کھیل کرتے ۔
وَ تَتَّخِذُوْنَ مَصَانِعَ لَعَلَّكُمْ تَخْلُدُوْنَۚ(۱۲۹)
اور مضبوط محل چنتے ہو اس اُمید پر کہ تم ہمیشہ رہوگے (ف۱۲۱)
(ف121)
اور کبھی نہ مرو گے ۔
وَ اِذَا بَطَشْتُمْ بَطَشْتُمْ جَبَّارِیْنَۚ(۱۳۰)
اور جب کسی پر گرفت کرتے ہو تو بڑی بیدردی سے گرفت کرتے ہو(ف۱۲۲)
(ف122)
تلوار سے قتل کر کے دُرّے مار کر نہایت بے رحمی سے ۔
فَاتَّقُوا اللّٰهَ وَ اَطِیْعُوْنِۚ(۱۳۱)
تو اللہ سے ڈرو اور میرا حکم مانو
وَ اتَّقُوا الَّذِیْۤ اَمَدَّكُمْ بِمَا تَعْلَمُوْنَۚ(۱۳۲)
اور اس سے ڈرو جس نے تمہاری مدد کی ان چیزوں سے کہ تمہیں معلوم ہیں (ف۱۲۳)
(ف123)
یعنی وہ نعمتیں جنہیں تم جانتے ہو آگے ان کا بیان فرمایا جاتا ہے ۔
اَمَدَّكُمْ بِاَنْعَامٍ وَّ بَنِیْنَۚۙ(۱۳۳)
تمہاری مدد کی چوپایوں اور بیٹوں
وَ جَنّٰتٍ وَّ عُیُوْنٍۚ(۱۳۴)
اور باغوں اور چشموں سے
اِنِّیْۤ اَخَافُ عَلَیْكُمْ عَذَابَ یَوْمٍ عَظِیْمٍؕ(۱۳۵)
بےشک مجھے تم پر ڈر ہے ایک بڑے دن کے عذاب کا (ف۱۲۴)
(ف124)
اگر تم میری نافرمانی کرلو ۔ اس کا جواب ان کی طرف یہ ہوا کہ ۔
قَالُوْا سَوَآءٌ عَلَیْنَاۤ اَوَ عَظْتَ اَمْ لَمْ تَكُنْ مِّنَ الْوٰعِظِیْنَۙ(۱۳۶)
بولے ہمیں برابر ہے چاہے تم نصیحت کرو یا ناصحوں میں نہ ہو (ف۱۲۵)
(ف125)
ہم کسی طرح تمہاری بات نہ مانیں گے اور تمہاری دعوت قبول نہ کریں گے ۔
اِنْ هٰذَاۤ اِلَّا خُلُقُ الْاَوَّلِیْنَۙ(۱۳۷)
یہ تو نہیں مگر وہی اگلوں کی رِیت(رسم ورواج) (ف۱۲۶)
(ف126)
یعنی جن چیزوں کا آپ نے خوف دلایا یہ پہلوں کا دستور ہے وہ بھی ایسی ہی باتیں کہا کرتے تھے اس سے ان کی مراد یہ تھی کہ ہم ان باتوں کا اعتبار نہیں کرتے انہیں جھوٹ جانتے ہیں یا آیت کے معنٰی یہ ہیں کہ یہ موت و حیات اور عمارتیں بنانا پہلوں کا طریقہ ہے ۔
وَ مَا نَحْنُ بِمُعَذَّبِیْنَۚ(۱۳۸)
اور ہمیں عذاب ہونا نہیں (ف۱۲۷)
(ف127)
دنیا میں نہ مرنے کے بعد اٹھنا نہ آخرت میں حساب ۔
فَكَذَّبُوْهُ فَاَهْلَكْنٰهُمْؕ-اِنَّ فِیْ ذٰلِكَ لَاٰیَةًؕ-وَ مَا كَانَ اَكْثَرُهُمْ مُّؤْمِنِیْنَ(۱۳۹)
تو انہوں نے اسے جھٹلایا (ف۱۲۸) تو ہم نے اُنہیں ہلاک کیا (ف۱۲۹) بےشک اس میں ضرور نشانی ہے اور ان میں بہت مسلمان نہ تھے
(ف128)
یعنی ہود علیہ السلام کو ۔
(ف129)
ہوا کے عذاب سے ۔
وَ اِنَّ رَبَّكَ لَهُوَ الْعَزِیْزُ الرَّحِیْمُ۠(۱۴۰)
اور بےشک تمہارا رب ہی عزت والا مہربان ہے