🕌 امام مسجد کے لیے 🕌

🌺 امام مسجد کو زندہ دل اور ہنس مکھ ہونا چاہیے ، مقتدیوں کو دیکھ کر اس کا چہرہ کِھل اٹھے ، مرجھاہٹ طاری نہ ہوجائے ۔

🌺 یہ خواہش نہ کرے‌ کہ مقتدی میرے ہاتھ چومیں ، مجھ سے سلام میں پہل کریں ، میرے ساتھ آکر مصافحہ کریں ۔

بلکہ ہوسکے تو مقتدیوں کو خود سلام میں پہل کرے کہ اس کا اجر زیادہ ہے ، اور آگے بڑھ کر پرتپاک طریقے سے اُن کے ساتھ مصافحہ و معانقہ کرے ، حال احوال دریافت کرے ۔

🌺 امام کی چال ڈھال اور حرکات و سکنات میں ٹھہراؤ ہونا چاہیے ، اس کا دل پُرسکون اور چہرہ مطمئن ہونا چاہیے ، تاکہ یہ نعمتیں مقتدیوں کو بھی نصیب ہوں ۔

🌺 امام جیسے ہی کسی مسجد میں تعینات ہو ، اپنے مقتدیوں کی نماز اور عقائد کی اصلاح شروع کردے ، اور یہ سلسلہ جاری رکھے ۔

اس سے ایک فائدہ تو یہ ہوگا کہ اِس کے نامہ اعمال میں نا ختم ہونے والا اجر لکھاجاتا رہے گا ، اور دوسرا فائدہ یہ ہوگا کہ مقتدیوں کے دلوں میں اِس کی جگہ بن جائے گی ۔

🌺 امام مقتدیوں کو دینی مسائل ، ان کی زبان میں سمجھائے ( وہ پنجابی ہو ، اردو ہو ، فارسی ہو ، انگریزی ہو ، ہندی ہو یاسندھی ۔) تاکہ انھیں مسائل اچھی طرح ذہن نشین ہوجائیں ۔

مجھے یاد پڑتا ہے ایک دفعہ دعوت اسلامی کے مدنی قافلے کے ساتھ پٹھانوں کے علاقے بیگو خیل اور کاکا خیل میں گیا تھا ۔

وہاں ہم نماز کے بعد اگر اردو میں اعلان کرتے تھے تو پٹھان کم بیٹھتے تھے ، لیکن وہی اعلان جب پشتو میں کیا جاتا تو کافی سارے لوگ بیٹھ جاتے ، اور بیان سنتے تھے ۔

میں نے یہ صورت حال دیکھ کر وہاں کے ایک پٹھان اسلامی بھائی سے کہا‌:

مجھے بھی پشتو میں اعلان یاد کروادیں تاکہ میں بھی اردو کے بجائے پشتو میں اعلان کیا کروں ۔

تو انھوں نے مجھےاعلان یاد کروایا:

” خوږو خوږو اسلامى رونړو اوس د مانځه نه بعد د سنتو نه ډک بيان به کيګى تاسو ټول تشريف راوړۍ او ډير زيات ثوابونه حاصل کړۍ.”

‌مطلب: میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو ! ابھی نماز کےبعد سنتوں بھرا بیان ہوگا ، آپ تشریف رکھیے اور ڈھیروں ثواب کمائیے ۔

🌺 جب کوئی نمازی ایسا فقہی مسئلہ پوچھے جو لوگوں میں غلط مشہور ہو تو اسے دلیل کے ساتھ سمجھائیں اور اسے مطمئن کریں ، دو لفظوں میں ہاں ، ناں میں جواب نہ دے دیں ۔

اسی طرح عقائد کے متعلقہ مسائل کو بھی دلیل صحیح سے واضح کریں ۔

✍️لقمان شاہد

3-7-2021

( جاری ہے )

دوسری قسط

🕌 امام مسجد کے لیے 🕋

🌺 امام مسجد کو خود دار اور باوقار‌ ہونا چاہیے ، مقتدیوں کے سامنےاپنی معاشی حالت کارونا روتے رہنا یا ان کے ساتھ لغو گفتگو کرنا ، خود داری اور وقار کوبری طرح مجروح کرتاہے ۔

🌺 اپنا مشاہرہ بڑھانے کا کبھی تقاضا نہ کریں ، معاشی حالات کی بہتری کے لیے الگ سے کوئی چھوٹا موٹا کاروبار شروع کرلیں ۔

اس کا ایک‌فائدہ تو یہ ہوگاکہ آپ اپنے پاؤں پر کھڑے ہوجائیں گے ، کسی کی محتاجی نہیں رہےگی ؛ اور دوسرا فائدہ یہ ہوگا کہ مقتدیوں کی نظر میں آپ کی عزت مزید بڑھ جائے گی ۔

جو پیش امام ، مسجد کے چھوٹے موٹے کام اپنی جیب سے کروادیتے ہیں ، یا کبھی کبھار مقتدیوں کی ( بہ نیت ثواب ) دعوت کردیتے ہیں ، مقتدی ان کے خلاف پروپیگنڈے کم کرتے ہیں ۔

🌺 میت والے گھر کا کھانا فقرا و مساکین اور مسافروں کے لیے ہوتا ہے ، امام مسجد کو اس سے پرہیز کرنا چاہیے ۔

مفسرقرآن مفتی احمدیارخان نعیمی رحمہ اللہ میت والے گھر کاکھانا کھانے سے اپنے شاگردوں کو سختی سے منع کیا کرتے تھے ۔

سیدی اعلی حضرت رحمہ اللہ فرماتے تھے:

” یہ تجربہ کی بات ہے ( کہ طعام المیّت یمیت القلب ‌۔ طعامِ میّت دل کو مردہ کردیتا ہے ) اور اس کے معنٰی یہ ہیں کہ:

جو طعامِ میّت کے متمنی رہتے ہیں ، ان کا دل مرجاتا ہے۔

ذکروطاعت الہٰی کے لیے حیات وچُستی اس میں نہیں رہتی ، کہ وہ اپنے پیٹ کے لقمہ کے لیے موتِ مسلمین کے منتظر رہتے ہیں ؛ اور کھانا کھاتے وقت موت سے غافل ، اور اس کی لذت میں شاغل ۔ “

🌺 آپ کہیں ختم شریف یا دعا کے لیے جائیں تو کسی قسم کا لالچ طمع نہ کیا کریں ۔

آپ کا رازق اللہ ہے ، وہ آپ کو ایسی ایسی جگہوں سے رزق حلال دے گا جہاں سے آپ کا گمان بھی نہیں ہوگا ۔

🌺 تقریبا ہر مسجد میں کچھ مقتدی یا منتظم ایسے بھی ہوتے‌ہیں جو خواہ مخواہ امام سے الجھتے رہتے ہیں ۔

امام کو چاہیے کہ ایسوں کے ساتھ شفقت سے پیش آئے اور گاہے گاہے انھیں کوئی نہ کوئی تحفہ دیتا رہے ، انشاءاللہ ﷻ ایک دن آئے گا کہ اُن کے دلوں میں بھی محبت پیدا ہوجائے گی ۔

🌺 امام‌ کو قائدانہ صلاحیتوں کا مالک اور مقتدیوں کی نفسیات سمجھنے والا ہونا چاہیے ، اور یہ چیزیں تقریبا ہر امام میں ہوتی‌ ہیں بس انھیں استعمال کرنے کی‌ضرورت ہوتی ہے ، جس کے لیے کسی تجربہ کار ، معاملہ فہم اور جہاں دیدہ امام سے رہنمائی لینی چاہیے ۔

( اور یہ رہنمائی فون کے بجائے براہ راست ملاقات کرکے لینی چاہیے ۔)

🌺 امامت بہت بڑا دینی منصب ہے ، اسے اللہ کے لیے خالص کردیں ؛ اچھی نیت اور حسن تدبیر سے اسے نبھانے کی کوشش کریں ، اللہ آپ کا حامی و ناصر ہوگا ۔

لقمان شاہد

4-7-2021