وَقَالُوۡا لَوۡلَا نُزِّلَ هٰذَا الۡقُرۡاٰنُ عَلٰى رَجُلٍ مِّنَ الۡقَرۡيَتَيۡنِ عَظِيۡمٍ ۞- سورۃ نمبر 43 الزخرف آیت نمبر 31
أَعـوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْـطانِ الرَّجيـم
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
وَقَالُوۡا لَوۡلَا نُزِّلَ هٰذَا الۡقُرۡاٰنُ عَلٰى رَجُلٍ مِّنَ الۡقَرۡيَتَيۡنِ عَظِيۡمٍ ۞
ترجمہ:
اور انہوں نے کہا : یہ قرآن ان دوشہروں (مکہ اور طائف) کے کسی بڑے آدمی پر کیوں نازل ہوا
تفسیر:
کفار کے اس اعتراض کا جواب کہ قرآن کسی بڑے آدمی پر نازل ہونا چاہیے تھا
الزخرف : ٣١ میں فرمایا : ” اور انہوں نے کہا : یہ قرآن ان دوشہروں (مکہ اور طائف) کے کسی بڑے آدمی پر کیوں نازل ہوا “۔
علامہ ابوالحسن علی بن محمد الماوردی المتوفی ٤٥٠ ھ نے لکھا ہے کہ ان دوشہروں سے مراد مکہ اور طائف ہیں اور مکہ کے بڑے آدمی کے متعلق حسب ذیل اقوال ہیں :
(١) حضرت ابن عباس (رض) نے فرمایا : اس سے مراد الولید بن المغیرہ ہے۔
(٢) مجاہد نے کہا : اس سے مراد عتبہ بن ربیعہ ہے۔
اور طائف کے بڑے آدمی کے متعلق چار قول ہیں :
(١) حضرت ابن عباس (رض) نے فرمایا : اس سے مراد حبیب بن عمر ثقفی ہے۔
(٢) مجاہد نے کہا : اس سے مراد میر بن عبدیا لیل ثقفی ہے۔
(٣) قتادہ نے کہا : اس سے مراد عمرو بن مسعود ہے۔
(٤) السدی نے کہا : اس سے مراد کنانہ عبد بن عمرو ہے۔ (النکت والعیون ج ٥ ص ٢٢٣، دارالکتب العلمیہ، بیروت)
تبیان القرآن – سورۃ نمبر 43 الزخرف آیت نمبر 31