احناف عید الاضحی پر قربانی کرنے کو واجب کیوں سمجھتے ہیں؟
sulemansubhani نے Thursday، 15 July 2021 کو شائع کیا.
احناف عید الاضحی پر قربانی کرنے کو واجب کیوں سمجھتے ہیں؟
اہل سنت احناف کے نزدیک ہر صاحب مال پر قربانی واجب ہے۔ ان کے دلائل یہ ہیں۔
قرآن کہتا ہے: فَصَلِّ لِرَبِّكَ وَانْحَرْ
پس آپ اپنے رب کے لئے نماز پڑھا کریں اور قربانی دیا کریں۔
الْکَوْثَر، 108:2
درج بالا آیتِ مبارکہ میں اِنْحَرْ صیغہ امر ہے اور عربی زبان کا قاعدہ ہے کہ جب امر کو مطلق ذکر کیا جائے تو اس سے وجوب مراد ہوتا ہے۔ لہٰذا اس آیت سے قربانی کا واجب و ضروری ہونا ثابت ہوتا ہے
حدیث سے دلیل:
مخنف بن سلیم رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ہم لوگ عرفہ کے دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس کھڑے تھے کہ اسی دوران آپ نے فرمایا: لوگو! ہر گھر والوں پر ہر سال ایک قربانی ۱؎ اور ایک عتیرہ ہے ، تم جانتے ہو کہ عتیرہ کیا ہے؟ یہ وہی ہے جسے لوگ رجبیہ کہتے ہیں ۔
سنن ابن ماجہ # 3125۔ حدیث مختلف طرق کی وجہ سے حسن ہے۔ البانی نے بھی اسے حسن کہا۔
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس شخص کو ( قربانی کی ) وسعت ہو اور وہ قربانی نہ کرے، تو وہ ہماری عید گاہ کے قریب نہ پھٹکے
سنن ابن ماجہ # 3123۔ یہ روایت بھی مختلف طرق کی وجہ سے حسن ہے۔ البانی نے بھی اسے حسن کہا۔